برونکس: بزرگ شہریوں کے لیے 117 یونٹس پر مشتمل منصوبہ مکمل

نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز اور گورنر کیتھی ہوکل نے برونکس کے علاقے مورس ہائٹس میں "وائی پی سینئر ریزیڈنس” کی تکمیل کا اعلان کر دیا ہے۔

میئر ایرک ایڈمز کے مطابق، 81 ملین ڈالر لاگت کا یہ منصوبہ ان افراد کے لیے مختص ہے جن کی عمر 55 سال یا اس سے زائد ہے۔ مجموعی طور پر 117 رہائشی یونٹس پر مشتمل اس منصوبے میں 37 اپارٹمنٹس اُن بزرگ شہریوں کے لیے مختص کیے گئے ہیں جو دائمی بے گھری کا شکار رہے ہیں، جنہیں موقع پر ہی معاون سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ یہ منصوبہ ایڈمز انتظامیہ کی جانب سے گزشتہ دو مالی سالوں میں ریکارڈ سطح پر سپورٹیو اور سینئر ہاؤسنگ کی فراہمی کی کوششوں کا تسلسل ہے۔ منصوبے میں توانائی بچانے والے جدید آلات، سولر پینلز، گرین روف، اور سماجی میل جول کے لیے کمیونل لاؤنجز، چھت پر بیٹھنے کی جگہ اور خوبصورت صحن شامل ہیں۔ میئر ایڈمز نے حالیہ بجٹ کو "بہترین بجٹ” قرار دیتے ہوئے اعلان کیا کہ شہر 46 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری سے 5,850 یونٹس پر مشتمل سپورٹیو ہاؤسنگ تعمیر کرے گا جبکہ 15/15 سپورٹیو ہاؤسنگ انیشی ایٹو کو نئے انداز میں آگے بڑھایا جائے گا۔ یہ منصوبہ Volunteers of America – Greater New York نے تیار کیا ہے اور وہی رہائشیوں کو سپورٹ سروسز فراہم کرے گی۔ منصوبے کے لیے فنڈنگ ریاستی اور شہری اداروں بشمول HPD، HCR، OTDA، نیویارک سٹی کونسل اور دیگر ایجنسیوں سے حاصل کی گئی ہے۔ تمام رہائشی یونٹس کے لیے سیکشن 8 واؤچرز بھی فراہم کیے جائیں گے۔ ایڈمز انتظامیہ شہر بھر میں سستی رہائش کی فراہمی کے لیے کئی بڑے منصوبوں پر کام کر رہی ہے جن میں "City of Yes for Housing Opportunity” شامل ہے، جس کا مقصد آئندہ 15 سالوں میں 80,000 نئے گھر تعمیر کرنا اور ہاؤسنگ سے متعلق بنیادی ڈھانچے میں 5 بلین ڈالر کی سرمایہ کاری کرنا ہے۔ ریاست اور شہر کی قیادت نے اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ بزرگ شہریوں کے لیے باعزت، محفوظ اور مستحکم رہائش فراہم کرنا ان کی ترجیح ہے۔

This post was originally published on VOSA.