
نیویارک(ویب ڈیسک) نیویارک سٹی کے قیام کو 400 سال مکمل ہونے پر ایڈمز انتظامیہ نے "Founded By NYC” مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے، جس کے تحت سال بھر شہر بھر میں ثقافتی تقریبات، شوز، پریڈز اور نمائشیں منعقد کی جائیں گی۔
میئر ایرک ایڈمز کے مطابق، محکمہ ثقافتی امور کی کمشنر لاری کومبو اور NYC ٹورازم اینڈ کنونشنز کی سی ای او جولی کوکر نے مختلف تقریبات کا اعلان کیا ہے جو شہر کے ماضی، حال اور مستقبل کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے ترتیب دی گئی ہیں۔ اس مہم کے تحت شہر کی پانچوں بورو میں مفت فلمی شو، سمر اسٹریٹس پروگرام کے دوران 400 بلاکس پر مفت تقریبات اور 47ویں میوزیم مائل فیسٹیول جیسے ایونٹس شامل ہیں۔ صرف میوزیم مائل فیسٹیول کے دوران آٹھ بڑے عجائب گھروں میں مفت داخلہ، لائیو پروگرامز اور موسیقی پیش کی گئی۔ میئر ایڈمز نے "بیسٹ بجٹ ایور” کے نام سے اپنے مجوزہ بجٹ میں ثقافتی شعبے کے لیے 215 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کو سراہا، جس میں محکمہ ثقافتی امور کے لیے 45 ملین ڈالر کا مستقل اضافہ بھی شامل ہے، جو ایک دہائی میں پہلا بڑا اضافہ ہے۔ اس فنڈ سے 1,000 سے زائد ثقافتی اداروں اور 34 سرکاری املاک پر موجود معروف اداروں کی معاونت ممکن ہو سکے گی۔ بجٹ میں ثقافتی اداروں اور لائبریریوں کے لیے 3.1 ارب ڈالر کا دس سالہ سرمایہ بھی مختص کیا گیا ہے۔ "Founded By NYC” مہم کے تحت آنے والی تقریبات میں فینیٹکس فیسٹ، NYC پرائیڈ، سمر اسٹریٹس، بروکلین میوزک فیسٹیول، موویز انڈر دی اسٹارز، نیو یارک روڈ رنرز میراتھن اور نیو یارک سٹی کامیڈی فیسٹیول شامل ہیں۔ ساتھ ہی مختلف میڈیا شوز، براڈوے کنسرٹ، فوڈ نیٹ ورک کے کھانے کے تہوار، نیویارک کامک کون اور سی پورٹ میں منعقد ہونے والی خصوصی تقریبات میں بھی شہر کے 400 سال مکمل ہونے کا جشن منایا جائے گا۔ میئر ایڈمز نے کہا کہ نیویارک شہر کی تاریخ، اہمیت اور تخلیقی صلاحیتوں کو دنیا بھر کے سامنے اجاگر کرنا ہمارا مقصد ہے اور یہ سرمایہ کاری نہ صرف ثقافت بلکہ معیشت، سیاحت اور روزگار کے فروغ کے لیے بھی انتہائی اہمیت رکھتی ہے۔
This post was originally published on VOSA.