
نیویارک(ویب ڈیسک) نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز نے انکشاف کیا ہے کہ 2022 سے اب تک پولیس اور محکمہ صفائی نے 1 لاکھ سے زائد "گھوسٹ گاڑیاں” اور غیررجسٹرڈ گاڑیاں ضبط کر لی ہیں جنہیں شہری سڑکوں پر غیرقانونی طور پر استعمال کیا جا رہا تھا۔
میئر ایرک ایڈمز کے مطابق، نیویارک سٹی میں غیرقانونی گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن میں بڑی کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ انتظامیہ نے سیکڑوں غیررجسٹرڈ موٹر اسکوٹرز، بائیکس اور اے ٹی ویز کو باقاعدہ طور پر ضبط کر لیا ہے۔ ایڈمز نے کہا کہ یہ صرف قانون کی عملداری نہیں بلکہ "قانون شکنی کو کچلنے کا عمل” ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ غیرقانونی گاڑیاں سڑکوں سے ہٹانے سے شہریوں کی جان و مال کے تحفظ میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ پولیس کمشنر جیسکا ٹش کے مطابق ان غیرقانونی گاڑیوں کو جرائم، بالخصوص ڈکیتی اور فائرنگ جیسے واقعات میں استعمال کیا جاتا تھا۔ لیکن اب پولیس کی سخت کارروائی کے باعث 2025 کے ابتدائی پانچ مہینوں میں ماضی کے مقابلے میں ایسے جرائم میں نمایاں کمی آئی ہے۔ پولیس کے مطابق موپڈز اور اسکوٹرز سے جڑے جرائم میں 85 فیصد تک کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ 2024 میں ضبط شدہ غیرقانونی دو پہیوں والی گاڑیوں کی تعداد 27,710 تھی جو شہر کی تاریخ میں سب سے زیادہ ہے۔ رواں سال اب تک مزید 8,100 گاڑیاں قبضے میں لی جا چکی ہیں۔ مجموعی طور پر ایڈمز انتظامیہ کے دور میں 62,300 سے زائد موپڈز اور اسکوٹرز ضبط کیے جا چکے ہیں۔ پولیس، محکمہ صفائی اور دیگر ادارے اس کارروائی کو مزید وسعت دے رہے ہیں تاکہ نیویارک سٹی کو غیرقانونی گاڑیوں سے مکمل طور پر پاک کیا جا سکے۔
This post was originally published on VOSA.