ایڈمز کا پولیس کوالٹی آف لائف یونٹ میں توسیع کا اعلان

نیویارک(ویب ڈیسک) نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز اور پولیس کمشنر جیسیکا ٹش نے نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کے ’کوالٹی آف لائف یونٹ‘ پروگرام کو شہر بھر میں توسیع دینے کا اعلان کر دیا ہے۔

میئر ایرک ایڈمزکے مطابق، یہ اقدام اپریل 2025 میں شروع کیے گئے پائلٹ پروگرام کی کامیابی کے بعد کیا گیا، جس کا مقصد عوامی شکایات کا فوری ازالہ اور روزمرہ زندگی کو متاثر کرنے والے عوامل کے خلاف موثر کارروائی تھا۔ پہلے مرحلے میں Q-Teams نے 6 پولیس علاقوں میں صرف 60 دنوں میں 7,500 سے زائد 911 اور 311 شکایات پر کارروائی کی، 6,100 چالان جاری کیے، 357 گرفتاریاں کیں اور درجنوں غیر قانونی اسکوٹرز و گاڑیاں ضبط کیں۔ ان علاقوں میں 311 شکایات کا اوسط رسپانس ٹائم 16 منٹ کم ہوا۔ اب یہ یونٹ جولائی اور اگست کے دوران پورے شہر کے پولیس اضلاع اور نیویارک ہاؤسنگ کمانڈز میں تعینات کیے جائیں گے۔ محکمہ پولیس کے مطابق نئی ٹیمیں شور و غل، غیر قانونی وینڈنگ، منشیات کے عوامی استعمال، لاوارث گاڑیوں اور خطرناک ڈرائیونگ جیسے مسائل سے نمٹنے کے لیے خصوصی تربیت یافتہ افسران پر مشتمل ہیں۔ Q-Teams کی کارکردگی پر مستقل بنیادوں پر Q-Stat اجلاسوں میں جائزہ لیا جائے گا۔ میئر ایڈمز نے کہا کہ "ہر نیویارکر کو صاف، محفوظ اور پُرامن سڑکیں فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔ یہ اقدام ہماری اسی ترجیح کی تکمیل کی ایک عملی صورت ہے۔ پولیس کمشنر جیسیکا ٹش نے کہا کہ یہ توسیع شہر کے تمام علاقوں میں معیارِ زندگی بلند کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

This post was originally published on VOSA.