میئرنیویارک کا کیو اسٹیٹ پروگرام کو توسیع دینے کا اعلان

نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز اور پولیس کمشنر نے عوامی شکایات کے فوری ازالے کے لیے کیو-اسٹیٹ پروگرام کو شہر بھر میں وسعت دینے کا اعلان کردیا۔وہ نیویارک سٹی کونسل کی رکن مرسیڈیز آرس اور  کونسل آف پیپلز آرگنائزیشن  کے  سربراہ محمد رضوی کے ہمراہ پریس کانفرنس کر رہے تھے۔

یہ اقدام اپریل 2025 میں شروع کیے گئے پائلٹ پروگرام کی کامیابی کے بعد کیا گیا، جس کا مقصد عوامی شکایات کا فوری ازالہ اور روزمرہ زندگی کو متاثر کرنے والے عوامل کے خلاف موثر کارروائی تھا۔ پریس کانفرنس کے دوران میئر ایرک ایڈمزنے بتایا کہ عوامی تحفظ صرف جرائم کے اعداد و شمار کا مسئلہ نہیں، بلکہ اس کا تعلق شہریوں کے احساسِ تحفظ سے ہے۔ جب لوگ اپنے دروازے سے باہر نکلتے ہیں، وہ صفائی، نظم و ضبط اور سڑکوں پر قانون کی حکمرانی دیکھنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ غیرقانونی وینڈنگ، کھلے عام منشیات کا استعمال، بند فٹ پاتھ، کچرے کے ڈھیر اور ترک شدہ گاڑیاں وہ مسائل ہیں جو لوگوں کو غیر محفوظ محسوس کرواتے ہیں  اور اب ان کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے۔کیو-اسٹیٹ پروگرام کے تحت صرف 60 دنوں میں 7,500 سے زائد 311 اور 911 شکایات کا ازالہ کیا گیا۔350 سے زائد گرفتاریاں ہوئیں۔6,100 سے زیادہ تجاوزات ختم کیے گئے۔اس موقع پر پولیس کمشنر جیسیکا ٹش نے کہا کہ یہ مہم زیرو ٹالرنس پالیسی کی واپسی نہیں، بلکہ حقیقی شہری شکایات کا جواب ہے۔کمشنر نے فلٹ آئرن کے علاقے کی مثال دی، جہاں غیرقانونی پیڈیکیبز کی وجہ سے ٹریفک اور شور کا مسئلہ تھا۔ کیو ٹیمز نے وہاں کارروائی کر کے صورتحال بہتر بنائی

اس موقع پر کوپو کے سربراہ محمد رضوی نے کہا کہ میرے دوست، ربی مائیکل ملر، ایک غیرقانونی ای-بائیک کے حادثے کا شکار ہوئے، جس کے بعد کئی ہفتے اسپتال میں رہے۔ مئیر کی اس کاوش سے ہمیں امید ملی ہے کہ نیویارک میں ہم اور ہمارے بچے محفوظ طریقے سے گھوم پھر سکیں گے۔

صحافی کے سوال پر کہ کیا سڑکوں کو کار ڈرائیورز سے لے کر پیدل چلنے والوں کے لیے وقف کیا جا سکتا ہے، میئر ایڈمز نے کہا کہ وہ مقامی رہنماؤں اور شہری تنظیموں سے مشاورت کے بعد کوئی فیصلہ کریں گے۔میئر ایڈمز نے واضح کیا کہ یہ صرف گرفتاریوں کا مسئلہ نہیں، بلکہ روزمرہ کی زندگی کو بہتر بنانے کا عزم ہے۔