
نیویارک(ویب ڈیسک) نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز نے شہر کے سرکاری اسکولوں میں "فنانشل لٹریسی فار یوتھ” (FLY) منصوبے کی تفصیلات جاری کر دیں، جس کا مقصد 2030 تک ہر طالبعلم کو بچت اور خرچ کے بنیادی اصول سکھانا ہے۔
محکمہ تعلیم کی چانسلر ملیسا آویلس راموس کے مطابق، پہلے مرحلے میں 15 سرکاری اسکول ڈسٹرکٹس میں مالیاتی تربیت کار تعینات کیے جائیں گے جو طلبا اور ان کے اہلِ خانہ کو مفت مشاورت اور ورکشاپس فراہم کریں گے۔ تربیت کار طلبا کو مالیاتی ذمہ داری، بچت، بینک اکاؤنٹ کھلوانے اور مالی منصوبہ بندی سے متعلق رہنمائی فراہم کریں گے، جبکہ اساتذہ کو بھی تدریسی مواد کی تیاری میں معاونت دیں گے۔ منصوبے کے ابتدائی پانچ برسوں میں 3.5 لاکھ طلبا اور اہلِ خانہ اس سہولت سے مستفید ہوں گے۔ FLY منصوبہ ان اسکول ڈسٹرکٹس میں متعارف کروایا جا رہا ہے جہاں غیر بینکاری کی شرح زیادہ ہے اور جو پہلے سے FutureReadyNYC پروگرام کا حصہ ہیں۔ اس پروگرام میں طلبا کو اسکول کے اندر بینکاری کا عملی تجربہ فراہم کرنے اور مالیات سے متعلق دیگر سرگرمیاں متعارف کروانے کی شق بھی شامل ہے۔ یہ منصوبہ نیویارک سٹی کی مالیاتی خودمختاری کی مجموعی حکمتِ عملی کا حصہ ہے جس میں سیو فار کالج پروگرام اور فنانشل ایمپاورمنٹ سینٹرز شامل ہیں، جن کے ذریعے شہر بھر میں لاکھوں افراد کو مالی رہنمائی فراہم کی جا رہی ہے۔
This post was originally published on VOSA.