
ناساؤ کاؤنٹی(ویب ڈیسک) نیویارک کے علاقے ناساؤ کاؤنٹی میں ڈیموکریٹک قانون سازوں نے ایک بل متعارف کروایا ہے جس کے تحت ریپبلکن اکثریت والی کاؤنٹی حکومت کو جونٹینتھ(Juneteenth) کی سرکاری سطح پر منظوری دینا اور سرکاری ملازمین کو چھٹی کے دن کی ادائیگی فراہم کرنا لازم ہوگا۔
امریکی خبررساں ادارے اے بی سی کے مطابق، جونٹینتھ 2021 سے ایک وفاقی تعطیل ہے جو 19 جون 1865 کو ٹیکساس میں آخری غلاموں کی آزادی کی یادگار کے طور پر منائی جاتی ہے۔ نیویارک کی مقامی کاؤنٹیوں میں صرف ناساؤ اور ہنٹرڈن کاؤنٹی ایسی ہیں جہاں یہ دن سرکاری سطح پر مکمل طور پر تسلیم نہیں کیا گیا، جبکہ دیگر تمام کاؤنٹیوں میں یہ چھٹی دی جاتی ہے۔ ناساؤ کاؤنٹی دفاتر اس دن کھلے رہتے ہیں اور ملازمین کو اس دن کی تنخواہ نہیں دی جاتی۔ کاؤنٹی ایگزیکٹو بروس بلیک مین نے اس تعطیل کی مخالفت کرتے ہوئے اسے مالیاتی بوجھ قرار دیا۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر جونٹینتھ کو باقاعدہ تعطیل قرار دیا گیا تو اس سے اوور ٹائم کی مد میں لاکھوں ڈالر کا اضافی خرچ آئے گا۔ انہوں نے وضاحت کی کہ یہ فیصلہ نسلی بنیاد پر نہیں بلکہ معیشت کے پیش نظر لیا گیا ہے۔ ڈیموکریٹک قانون سازوں نے الزام عائد کیا ہے کہ ریپبلکن قیادت جونٹینتھ کی منظوری پر دانستہ طور پر ووٹنگ سے گریز کر رہی ہے۔ بل کو باقاعدہ مسترد کرنے کے بجائے ایجنڈے میں شامل ہی نہیں کیا جاتا، جو ایک سیاسی رکاوٹ سمجھی جا رہی ہے۔ دلچسپی کی بات یہ ہے کہ ناساؤ کاؤنٹی کی مقامی سطح پر جونٹینتھ کو تسلیم کیا جاتا ہے۔ ٹاؤن آف ہیپ اسٹیڈ سمیت تمام شہروں میں یہ دن تعطیل کے طور پر منایا جاتا ہے اور دفاتر بند ہوتے ہیں۔ ہیپ اسٹیڈ کے میئر وےلِن ہابس جونیئر نے کاؤنٹی قیادت کے رویے کو سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے طرز عمل سے تشبیہ دی اور اسے غیر حساس قرار دیا۔ ڈیموکریٹس کا کہنا ہے کہ یہ دن صرف چھٹی نہیں بلکہ سیاہ فام امریکیوں کی آزادی اور تاریخ کو تسلیم کرنے کا موقع ہے، اور اس کا انکار برادری کے ساتھ ناانصافی کے مترادف ہے۔
This post was originally published on VOSA.