نیویارک: چوہا کنٹرول مہم، ہزاروں مقامات پر ٹیمیں تعینات

نیویارک(ویب ڈیسک) نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز اور محکمہ پارکس و تفریح کی کمشنر آئرس روڈریگز روسا نے شہر بھر کے 600,000 اسٹریٹ ٹری بیڈز میں چوہوں کو قابو کرنے کے لیے نئی خصوصی ٹیموں کے قیام کا اعلان کر دیا ہے۔

میئر ایرک ایڈمز کے مطابق، اس مقصد کے لیے انتظامیہ نے 8 لاکھ 77 ہزار ڈالر کی مستقل فنڈنگ مختص کی ہے، جس کے تحت 12 نئے مستقل ملازمین بھرتی کیے جائیں گے۔ نئی ٹیمیں ان اسٹریٹ ٹری بیڈز پر کام کریں گی جنہیں اب تک کوئی مخصوص نگرانی یا کارروائی حاصل نہیں تھی۔ یہ ٹیمیں کچرا صاف کرنے، چوہوں کے بل ختم کرنے اور درختوں کی دیکھ بھال کے ساتھ ساتھ شہری علاقوں کو بہتر بنانے میں کردار ادا کریں گی۔ حکام کے مطابق نئی حکمت عملی میں سائنسی اور غیر زہریلے طریقے اختیار کیے جائیں گے تاکہ ماحول دوست انداز میں چوہوں پر قابو پایا جا سکے۔ ایڈمز کا کہنا ہے کہ شہر میں 311 ہیلپ لائن پر ہر سال چوہوں سے متعلق ٹری بیڈز کی اوسطاً 2,300 شکایات موصول ہوتی رہی ہیں۔ اب یہ نئی ٹیمیں ان شکایات پر براہ راست کارروائی کریں گی۔ حالیہ مہینوں میں چوہوں کی شکایات میں کمی دیکھی گئی ہے، جب کہ "ایمپائر بنز” کی تنصیب جیسے اقدامات سے سڑکوں پر صفائی اور چوہوں کی موجودگی میں بھی واضح کمی آئی ہے۔

This post was originally published on VOSA.