
امریکا میں ساوتھ ایشئن کمیونٹی کی موثر آواز، وائس آف ساوتھ ایشیا نے اپنی نشریات کے سات سال کامیابی سے مکمل کرلیے۔ نیویارک کے علاقے لانگ آئی لینڈ میں پارٹی ہال مارکی میں ساتویں سالگرہ کو شایانِ شاند طریقے سے بھرپور انداز میں منایا جس کا آغاز معروف عالمِ دین تصور الحسن گیلانی نے تلاوت سے کیا اور رانا اخلاق نے بارگاہِ رسالت میں نعت کا ہدیہ پیش کیا۔
سالگرہ میں پاکستانی امریکن کمیونٹی کی کثیر تعداد شریک ہوئی ۔اس خوبصورت تقریب کی نظامت ردا اور مریم کررہی تھیں جنھوں نے تما م مہمانوں کو خوش آمد ید کہا، ان کا خیر مقدم کیا اور وائس آف ساوتھ ایشیا کا مختصر تعارف بھی پیش کیا۔نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز اور اسمبلی وومن میکائل سولاج نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔شرکاء سے خطاب میں میئر ایرک ایڈمز نے ووسا ٹی وی کو ساتویں سالگرہ کی مبارکباد دی ، ان کا کہنا تھا کہ میرا اور پاکستانی کمیونٹی کا ساتھ بہت مضبوط اور پرانا ہے، آزادی ِ اظہارِ رائے بہت بڑی نعمت ہے۔
اس موقع پر ووسا ٹی وی کے پریذیڈنٹ فہیم میاں نے میئر ایرک ایڈمز اور اسمبلی وومن میکائل سولاج سے اظہارِ تشکر کیااور انھیں گلدستہ پیش کیا۔ شرکا سے خطاب میں ڈسٹرکٹ 22 سے اسمبلی وومن میکائل سولاج کا کہنا تھا کہ اس شہر کی ترقی کے لیے ہر شعبے میں ساوتھ ایشین کمیونٹی نے اپنا بھرپور کردار اد اکیا ہے ۔انھوں نے ووسا ٹی وی کی صحافتی خدمات پر سائٹیشن بھی پیش کی۔
تقریب میں پاکستانی امریکن کمیونٹی کی سیاسی ، سماجی اور کاروباری شخصیات، نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ میں اعلیٰ عہدوں پر تعینات پاکستانی نژاد افسران بھی شریک ہوئے۔ سینیٹر ٹام سوازی اور چک شومر کے دفتر سے ان کی نمائندہ وازما او ر تندیپ کور شریک ہوئی، انھوں نے ووسا کو ساتویں سالگرہ پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
نیویارک میں تعینات پاکستان کے قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی بھی تقریب میں شریک ہوئے، شرکا سے خطاب میں انھوں نے ووسا کی پوری ٹیم کو مبارکباد دی، ان کا کہنا تھا کہ وائس آف ساوتھ ایشیا نے کمیونٹی اور امریکی محکموں کے درمیان رابطوں کے فروغ میں پل کا کردار ادا کیا ہے ۔
رونق سے بھرپور سجی ہوئی اس تقریب میں پاکستانی امریکن کمیونٹی کی مختلف تنظیموں کے سربراہان، عہدیدار اور ممبران بھی شریک ہوئے ۔وائس آف ساوتھ ایشیا کے سی ای او زاہد رانا اور پریذیڈنٹ فہیم میاں نےحاضرین سے اظہارِ تشکر کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سات سال قبل کونی آئی لینڈ ایونیو سے شروع کیا گیا ووسا ٹی وی اب پوری ساوتھ ایشئن کمیونٹی کی ایک موثر آواز بن گیا ہے۔
اس موقع پر وائس آف ساوتھ ایشیا کی طرف سے کمیونٹی سروسز پر سماجی کارکن شبیر گل اور ارم حنیف کو قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی نے ،تاج اکبر کو میکائل سولاج نے اور اسد چودھری کو میئر ایرک ایڈمز نے ایوارڈ سے نوازا۔
ایوارڈ حاصل کرنے کے بہت سماجی کارکن اور کمیونٹی رہنماوں نے ووسا سے اظہار تشکر کیا اور کامیابی کے سات سال پر مبارکباد دی۔ مقررین کا کہنا تھا کہ ہم سب کی زمہ داری ہے کہ کمیونٹی کی بہتری کے لیے اپنا ہر ممکن کردار ادا کریں۔
سالگرہ کی تقریب میں لانگ آئی لینڈ کی ناساو کاونٹی کے ڈسٹرکٹ 14 سے لیجسلیٹر کے امیدوار شہریار علی نے بھی خطاب کیا۔ ان کہنا تھا کہ ساوتھ ایشئن کمیونٹی اور میڈیا نے ہمیشہ بہت سپورٹ کیا ہے ، امید ہے اس بار بھرپور حمایت فتح کی صورت میں تاریخ رقم کرےگی۔تقریب کی رونق دوبالا کرنے کے لیے شاعری کی بھی محفل سجی۔ معروف شاعر اعجاز بھٹی نے اپنے منفرد انداز اور لب ولہجے میں طنزو مزاح سے بھرپور شاعری سناکر سب کا دل لبھایا۔
ووسا ٹی وی کی سالگرہ کے جشن کے لیے ایک خوبصورت کیک بھی تیار کروایا گیا جسے سی ای او زاہد رانا، پریذنڈٹ فہیم میاں، انسپکٹر عدیل رانا، کاروباری شخصیت خرم خان، امتیاز احمد اور ووسا ٹیم نے مل کر کاٹا۔اس موقع پر اے پی پیک کی بورڈ ممبر ناہید بھٹی نے ووسا ٹیم کو مبارکباد دی اور گلدستہ پیش کیا۔ تقریب میں شریک میئر آفس کی مسلم وومن لائژن عطیہ شہناز، اے پیگ کے صدر علی راشد، پاکولی سے عتیق قادری ، طاہرہ دین،صفدر ہمایوں اور دیگر نے وائس آف ساوتھ ایشیا کی زمہ دارانہ صحافت کو سراہا، شرکاء کا کہنا تھا کہ ووسا ٹی وی نے کم وقت میں بہترین مقام حاصل کیا ہے۔
سالگرہ کی تقریب میں کمیونٹی نے بھرپور انداز میں شرکت کرکے یہ ثابت کیا کہ وہ ووسا ٹی وی ہی ان کی حقیقی آواز ہے۔ نہ صرف ان کے مسائل اجاگر کرتا ہے بلکہ سماجی ایشوز پر توجہ دلانے کے ساتھ ساتھ ان کی رہنمائی میں بھی اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
تقریب کے آخر میں قوالی کی بھی محفل سجی جس میں قوالوں نے صابری برادری کا پڑھا ہوا لازوال کلام تاج دار حرم پیش کرکے سماں باندھ دیا۔
معروف قوالوں نے حاضرین کی فرمائش پر ایک کے بعد ایک کئی کلام سنائے تو وہ داد دیے بغیر نہ رہ سکے۔ مرحوم استاد نصرت فتح علی خان کا ایک گیت بھی پیش تو شرکا خوشی سے جھوم اُٹھے ۔
تقریب کے اختتام سے قبل ووسا ٹی وی کے سی ای او زاہد رانا نے پریذیڈنٹ فہیم کی والدہ اور اہلیہ کو مدعو کرکے ان کا شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم آج جو کچھ بھی ہیں وہ والدین کی دعاوں کی بدولت ہیں ۔
ان خوبصورت اور جذباتی لمحات کے ساتھ ووسا ٹی وی کی ساتویں سالگرہ کی تقریب سب کے چہروں پر خوشی اور مسکراہٹ بکھیرتے ہوئے اختتام کو پہنچی ۔
This post was originally published on VOSA.