
نیویارک میں مسلمان خاتون شازیہ قریشی کو مذہبی شناخت کی وجہ سے تشدد کا نشانہ بنانے کے افسوس ناک واقعے کے خلافمختلف مذاہب کے رہنما متحد ہوگئے اور متاثرہ خاتون سے یکجہتی کا بھی اظہار کیا ۔میئر ایرک ایڈمز نے واضح کیا ہے کہ اس شہر میں نفرت کے لیے کوئی جگہ نہیں ۔
سب وے ٹرین میں مسلمان خاتون شازیہ قریشی ایک سیاہ فام شخص نے ان کی مذہبی شناخت معلوم کرنے کے بعد تشدد کا نشانہ بنانے کے واقعے نے ایک بار پھر سب کو متحد کردیا ہے ۔ نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز نے سٹی ہال میں مختلف مذاہب کی تنظیموں اور رہنماوں کے ہمراہ نیوز کانفرنس میں واضح کیا کہ اس شہر میں نفرت کی کوئی جگہ نہیں ، ایسے نفر ت انگیز جرائم میں ملوث مجرمان کے ساتھ کوئی رعائیت نہیں برتی جائے گی۔
میئر ایرک ایڈمز کا کہنا تھا کہ ہم اتحاد و اتفاق اور مذہبی رواداری پر یقین رکھتے ہیں ،ایسے عناصر کو شہر میں پنپنے نہیں دیں گے،اس مشکل وقت میں ہم سب متاثر خاتون اور ان کی پوری فیملی کے ساتھ ہیں ۔پریس کانفرنس میں مسلم وومن لائژن آفیسر عطیہ شہناز، کوپو کے سربراہ محمد رضوی بھی شریک تھے ۔ اس موقع پر عرب امریکن ایسو سی ایشن آف نیویارک اور دیگر افراد کا کہنا تھا کہ مسلمانوں پر حملے نئی بات نہیں، یہ ایک سنگین مسئلہ بنتا جارہا ہے۔
اس موقع پر یہودی کمیونٹی اور دیگر مذہب کے نمائندوں نے بھی شازیہ قریشی پر حملے کی شدید مذمت کی ، مقررین کا کہنا تھا کسی بھی مذہب کے افراد کو ان کی شناخت کی بنیاد پر نشانہ بنانا نا قابل قبول ہے اور ایسے واقعات ہمیں تقسیم نہیں کرسکتے ۔پریس کانفرنس کے شرکا نے یہ پیغام دیا نیویارک ہم سب کا شہر ہے ، نفرتوں کو پروان چڑھانے والے عناصر کے مکروہ عزائم کو کسی بھی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔
This post was originally published on VOSA.