الی نوائے کے شہری کا جعلی ٹیکس ریٹرن کا اعتراف

الی نوائے(ویب ڈیسک) امریکی ریاست الی نوائے کے رہائشی بائرن ٹیلر نے جعلی ٹیکس ریٹرن فائل کرنے اور وفاقی حکومت کو دھوکہ دینے کے الزامات میں قصور وار ہونے کا اعتراف جرم کر لیا ہے۔

وفاقی استغاثہ کے مطابق، الی نوائے کے علاقے ہوم ووڈ سے تعلق رکھنے والے بائرن ٹیلر جو ڈولٹن میں "وی آر ٹیکسز” نامی ٹیکس تیاری کا ادارہ چلا رہے تھے، انہوں نے نہ صرف درجنوں گاہکوں کے لیے غلط ٹیکس ریٹرن فائل کیے بلکہ خود بھی کئی سالوں تک اپنی آمدنی چھپاتے رہے۔ محکمہ انصاف کے مطابق، ٹیلر نے 2015 سے 2020 کے درمیان کم از کم 54 ایسے ٹیکس ریٹرن جمع کروائے جن میں فرضی کٹوتیاں اور جھوٹے کاروباری نقصانات شامل کیے گئے، جس کا مقصد غیر قانونی طور پر ریفنڈز حاصل کرنا تھا۔ ساتھ ہی ٹیلر نے خود کے لیے بھی 2017 سے 2021 کے درمیان جھوٹے ٹیکس ریٹرن فائل کیے، جن میں اپنے ادارے کی آمدن کو یا تو کم ظاہر کیا یا مکمل طور پر ظاہر ہی نہیں کیا۔ استغاثہ کا کہنا ہے کہ ملزم نے پے چیک پروٹیکشن پروگرام (PPP) کے تحت قرضوں کے لیے بھی جعلی درخواستیں دیں، جن میں فرضی کاروباری آمدن ظاہر کی گئی۔ چار درخواستیں منظور ہوئیں اور ٹیلر نے ان رقوم کا استعمال ذاتی مقاصد کے لیے، بشمول جوا کھیلنے پر استعمال کیا۔ محکمہ انصاف کے مطابق، ان تمام اقدامات کے نتیجے میں وفاقی خزانے کو تقریباً 9 لاکھ 15 ہزار ڈالر کا نقصان پہنچا ہے۔ عدالت کے مطابق ملزم کو 4 نومبر کو سزا سنائی جائے گی۔ اسے ہر ٹیکس ریٹرن الزام پر تین سال تک قید، نگران رہائی، مالی جرمانہ اور رقم کی واپسی کی سزا کا سامنا ہو سکتا ہے۔ مقدمے کی تفتیش انٹرنل ریونیو سروس (IRS) کریمنل انویسٹیگیشن نے کی جبکہ وفاقی ٹیکس ڈویژن کے وکلاء نے کارروائی میں استغاثہ کی نمائندگی کی ہے۔

This post was originally published on VOSA.