
برونکس(ویب ڈیسک) نیویارک کے علاقے برونکس میں ایک تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے چھ افراد زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق، یہ واقعہ برونکس کے علاقے میلروز میں صبح 11 بجے کے قریب ایسٹ 149 اسٹریٹ سے کورٹلنٹ ایونیو پر پیش آیا جہاں گاڑی ابتدائی طور پر کراس واک میں موجود ایک خاتون سے ٹکرائی، جس کے بعد ڈرائیور نے گاڑی فٹ پاتھ پر چڑھا دی جس کے نتیجے میں اسکافولڈنگ کے نیچے متعدد افراد زخمی ہوگئے۔ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ گاڑی چند لمحے اسکافولڈنگ کے نیچے رکی رہی، پھر ریورس میں واپس گئی اور جائے وقوعہ سے فرار ہو گئی۔ پولیس نے بتایا کہ گاڑی میں سوار دو افراد واقعے کے بعد گاڑی چھوڑ کر فرار ہو گئے۔ جائے وقوعہ کے قریب سے گاڑی برآمد کر لی گئی ہے جس کے فرنٹ پر شدید نقصان اور ونڈشیلڈ ٹوٹی ہوئی تھی۔ زخمیوں میں تین مرد اور تین خواتین شامل ہیں جن کی عمریں 30 سے 79 سال کے درمیان ہیں، اور تمام افراد کو لنکن اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی حالت مستحکم بتائی جا رہی ہے۔ شہر کے محکمہ عمارات نے تصدیق کی ہے کہ اسکافولڈنگ کو چار مقامات پر نقصان پہنچا لیکن عمارت کی ساخت محفوظ ہے۔ متعلقہ کمپنی کو مرمت کے لیے طلب کر لیا گیا ہے۔ پولیس مشتبہ افراد کی تلاش جاری رکھے ہوئے ہے لیکن اب تک کسی گرفتاری کی تصدیق نہیں کی گئی۔
This post was originally published on VOSA.