
نیوجرسی(ویب ڈیسک) امریکی ریاست نیوجرسی میں شدید طوفان نے تباہی مچا دی، جس کے نتیجے میں ایک خاتون جاں بحق ہو گئیں جبکہ پلین فیلڈ شہر میں ایمرجنسی بھی نافذ کر دی گئی ہے۔
امریکی خبررساں ادارے اے بی سی کے مطابق، طوفان کے دوران درخت اور بجلی کی تاریں گرنے سے شہر بھر میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی، جبکہ کئی علاقوں میں بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے۔ نارتھ پلین فیلڈ کے میئر لارنس لا رونڈ کے مطابق، مڈل سیکس کاؤنٹی کی رہائشی ایک خاتون گرین بروک روڈ پر طوفان کے باعث گاڑی روک کر کھڑی تھیں کہ ایک درخت بجلی کی تاروں سمیت ان کی گاڑی پر آن گرا جس کے باعث وہ موقع پر ہی دم توڑ گئی۔ حکام کے مطابق پلین فیلڈ میں طوفان نے کئی دہائیوں پرانے درختوں کو جڑ سے اکھاڑ دیا، کاریں الٹ گئیں اور متعدد گھروں کو بھی نقصان پہنچا۔ طوفان کے بعد امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں لیکن مکمل بحالی میں وقت لگے گا۔ گورنر فل مرفی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ گھروں میں رہیں اور گرے ہوئے درختوں اور بجلی کی تاروں سے دور رہیں۔
This post was originally published on VOSA.