
نیویارک(ویب ڈیسک) نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز نے شہر بھر میں متوقع شدید گرمی، نمی اور فلیش فلڈز سے متعلق الرٹ جاری کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاط برتنے اور حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
حکام کے مطابق نیشنل ویدر سروس نے نیویارک کے لیے گرمی کی ایڈوائزری صبح 10 بجے سے رات 8 بجے تک جبکہ فلیش فلڈ واچ دوپہر 2 بجے سے بدھ کی صبح 2 بجے تک جاری کی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق رواں پفتے شدید بارش بھی متوقع ہے۔ میئر ایڈمز نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ دن کے اوقات میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں، پانی کا زیادہ استعمال کریں، ایئرکنڈیشنڈ مقامات پر رہیں اور ہنگامی صورت میں قریبی کولنگ سینٹرز سے رجوع کریں۔ شہر بھر میں 540 کولنگ سینٹرز فعال کر دیے گئے ہیں جن کی تفصیلات nyc.gov/beattheheat پر یا 311 پر کال کر کے حاصل کی جا سکتی ہیں۔ کمشنر اسکول کے مطابق شہر میں ہیٹ ایمرجنسی اور فلیش فلڈ پلان دونوں فعال کر دیے گئے ہیں۔ بے گھر افراد کو گرمی سے محفوظ رکھنے کے لیے کوڈ ریڈ لیول ون نافذ کر دیا گیا ہے، جبکہ پانی کے غیر ضروری ضیاع سے بچنے کے لیے کھلے ہائیڈرنٹس کی نگرانی سخت کر دی گئی ہے۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ غیرقانونی طور پر ہائیڈرنٹس نہ کھولیں، بصورت دیگر 311 پر اطلاع دیں۔ یوٹیلیٹی اداروں نے بجلی کے نظام پر دباؤ کم رکھنے کے لیے عوام سے درخواست کی ہے کہ وہ تھرمو اسٹیٹ کو 78 ڈگری پر رکھیں، بڑے برقی آلات رات 10 بجے کے بعد استعمال کریں اور دن کے وقت بجلی کے استعمال میں کفایت شعاری برتیں۔ اس موقع پر ڈپٹی میئر کیمیل جوزف ورلاک، ایمرجنسی مینجمنٹ کمشنر زکری اسکول، محکمہ پولیس، فائر ڈیپارٹمنٹ اور یوٹیلیٹی اداروں کے اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔ ایڈمز نے شہریوں کو NotifyNYC کے ذریعے الرٹس حاصل کرنے، موسم کی تازہ صورتحال پر نظر رکھنے، اور ہنگامی حالات میں فوری ردعمل کی تیاری رکھنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
This post was originally published on VOSA.