
نیویارک(ویب ڈیسک) نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز نے کہا ہے کہ شہر کو ایسی قیادت کی ضرورت ہے جو مشکل وقت میں ساتھ نبھائے، نہ کہ ایسے افراد کی جو سیاسی فائدے کے لیے بحران میں کنارہ کش ہو جائیں۔
یہ بات میئر ایڈمز نے ایک ریڈیو شو کے دوران کہی جہاں انہوں نے سابق گورنر اینڈریو کومو پر سنگین الزامات بھی عائد کیے۔ ان کا کہنا تھا کہ کومو نے سیاسی میدان میں سیاہ فام رہنماؤں کے خلاف منظم طور پر اقدامات کیے، جن میں سابق گورنر ڈیوڈ پیٹرسن، کارل میک کال، چارلی کنگ اور کیتھ رائٹ جیسے رہنما شامل ہیں۔ ایڈمز کے مطابق اب وہ خود بھی اسی رویے کا نشانہ بن رہے ہیں۔ اپنی ذات سے متعلق قانونی الزامات کا ذکر کرتے ہوئے میئر ایڈمز نے کہا کہ ایک سرکاری عمارت کی انسپکشن کی سفارش پر ان کے خلاف جھوٹے الزامات لگائے گئے، حالانکہ وہ نہ کسی قانون کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے اور نہ ہی کوئی فائدہ حاصل کیا۔ ساتھ ہی ایڈمز نے سیاہ فام اور لاطینی خواتین کی زچگی کے دوران اموات کی شرح کم کرنے کے لیے شروع کیے گئے سرکاری پروگرام “ڈولا” کو ایک بڑی کامیابی قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس اقدام سے اب تک تین ہزار سے زائد خواتین مستفید ہو چکی ہیں اور اس دوران کسی بھی خاتون کی زچگی سے متعلق موت رپورٹ نہیں ہوئی۔ میئر ایڈمز کا کہنا تھا کہ ان کی قیادت میں شہر نے روزگار، معیشت، ہاؤسنگ اور جرائم کی روک تھام کے شعبوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔
This post was originally published on VOSA.