
نیویارک(ویب ڈیسک) نیویارک سٹی کی ٹکسٹن اسٹریٹ پر ایک ٹینکر سے خطرناک سیاہ لیکوئڈ اسفالٹ سڑک پر لیک ہوگیا۔ واقعے میں ایک فائر فائٹر زخمی ہوگیا۔
فائر ڈیپارٹمنٹ کے مطابق، یہ واقعہ نیویارک کے صنعتی علاقے ہنٹس پوائنٹ کی ٹکسٹن اسٹریٹ پر پیش آیا، جہاں ایک ٹینکر سے لیکوئڈ اسفالٹ لیک ہوگیا، جو عام طور پر سڑکوں کی مرمت کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ واقعے کے فوراً بعد نیویارک فائر ڈیپارٹمنٹ کی ٹیم نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور لیکوئڈ اسفالٹ کو مزید پھیلنے سے روکنے کی کوشش کی۔ حکام کے مطابق، واقعے میں ایک فائر فائٹر زخمی ہوا، جسے موقع پر ہی طبی امداد فراہم کر دی گئی۔ بیٹالین چیف والٹر کوالسکی نے بتایا کہ متاثرہ ٹینکر میں 35 ٹن مواد موجود تھا، لیکن ابھی یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ اس میں سے کتنا سڑک پر بہہ چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا، "یہ مادہ انتہائی چپچپا اور شدید گرم ہوتا ہے، بالکل گلو کی طرح۔ واقعہ رہائشی علاقے یا مرکزی شاہراہ سے دور پیش آیا، جس کی وجہ سے بڑے پیمانے پر نقصان سے بچاؤ ممکن ہوا۔ صفائی کی ذمہ داری اب متعلقہ ٹرکنگ کمپنی کو سونپ دی گئی ہے، جبکہ ریاستی اور شہری ماحولیاتی ایجنسیاں بھی صورتحال کی نگرانی کر رہی ہیں۔ حکام کو امید ہے کہ رات کے وقت اسفالٹ ٹھنڈا ہو جائے گا، جس کے بعد اس کی صفائی ممکن ہو سکے گی۔
This post was originally published on VOSA.