ایڈمز کا ایسٹ نیویارک میں ہاؤسنگ منصوبے کا آغاز

نیویارک(ویب ڈیسک) نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز نے بروکلین کے علاقے ایسٹ نیویارک میں "انوویٹیو اربن ولیج” منصوبے کے پہلے مرحلے کا سنگ بنیاد رکھ دیا ہے، جس کے تحت ابتدائی مرحلے میں 385 کم آمدنی اور بے گھری کے شکار افراد کے لیے معاون فلیٹس تعمیر کیے جائیں گے۔

میئر ایرک ایڈمز کے مطابق، یہ منصوبہ کرسچن کلچرل سینٹر کے کیمپس کی ازسرنو ترقی کا حصہ ہے اور اس پر 271 ملین ڈالر لاگت آئے گی۔ منصوبے میں کم آمدنی والے افراد کے لیے فلیٹس کے ساتھ ساتھ 94 ایسے فلیٹس شامل ہوں گے جو بے گھر یا مستحق افراد کو فراہم کیے جائیں گے۔ ان فلیٹس کے ساتھ کیس مینجمنٹ، قانونی، غذائی اور سماجی خدمات بھی دستیاب ہوں گی۔ میئر نے کہا پہلے مرحلے میں ایک تازہ خوراک گروسری اسٹور کے لیے تجارتی جگہ بھی مختص کی گئی ہے۔ منصوبے کے تحت 10 عمارتوں میں مجموعی طور پر 2,000 کم لاگت رہائشی یونٹس تعمیر ہوں گے، جن میں چائلڈ کیئر، بزرگوں کی سہولیات، ورک فورس ڈیولپمنٹ اور ایک نیا پرفارمنگ آرٹس سینٹر بھی شامل ہوگا۔ منصوبے میں تمام اپارٹمنٹس الیکٹرک ہیٹنگ اور کولنگ، سولر پینلز، کم پانی اور توانائی استعمال کرنے والے آلات اور ماحول دوست ڈیزائن سے آراستہ ہوں گے۔ ایڈمز نے کہا یہ منصوبہ نیویارک شہر کی جانب سے کی گئی تاریخی ہاؤسنگ سرمایہ کاریوں کا تسلسل ہے۔ ایڈمز انتظامیہ نے گزشتہ دو برسوں میں مسلسل ریکارڈ تعداد میں کم لاگت رہائش گاہیں تعمیر کیں، 60 برس بعد پہلی بار شہر بھر کی زوننگ اصلاحات منظور کروائیں، اور 2032 تک 500,000 نئے گھروں کی تعمیر کے ہدف کو عملی شکل دینے کی کوششیں تیز کی ہیں۔ ایرک ایڈمز کا کہنا ہے کہ یہ ترقیاتی منصوبہ نجی و سرکاری شعبے کے اشتراک سے مکمل ہوگا، جس میں اربن ریسورس انسٹیٹیوٹ، گوتم آرگنائزیشن، اور مونڈناک ڈویلپمنٹ شامل ہیں۔ نیویارک سٹی کے محکمہ ہاؤسنگ پریزرویشن اینڈ ڈیولپمنٹ نے 47 ملین ڈالر، جب کہ ریاستی ہومز اینڈ کمیونٹی رینیول نے ٹیکس کریڈٹ پروگرام کے ذریعے 115 ملین ڈالر کی مالی معاونت فراہم کی ہے۔

This post was originally published on VOSA.