نیویارک: انسان دوست شخصیت امجد خواجہ کو سپردِ خاک کردیا گیا

نیویارک  میں پاکستانی امریکن کمیونٹی کی معروف سماجی و کاروباری شخصیت امجد خواجہ کو آہوں اور سسکوں کے ساتھ سپردِ خاک کردیا گیا۔

پاکستانی امریکن کمیونٹی کی ہر دل عزیز شخصیت، بزنس مین اور سماجی رہنما  امجد خواجہ  رواں ماہ کے آغاز پر اپنے گھر میں سیڑھیوں سے گرےاورسر میں گہری چوٹ آنے کے باعث شدید  زخمی ہوگئے تھے جس کے بعد  انھیں نیویارک کے مقامی اسپتال منتقل کیا گیا۔علاج معالجے  کے دوران  انھیں کا دل کا دورہ  پڑا  جس سے ان کی طبیعت مزید خراب ہوگئی اور تین روز زندگی و موت کی کشمکش میں  رہنے کے بعد دو روز قبل رضائے الہیٰ سے انتقال کر گئے۔امجد خواجہ انسان  دوست  شخصیت تھے ، ہمیشہ دوسروں کی مدد  کے لیے تیار رہتے، ان کے یوں  بچھڑ جانے پر  ہر کوئی غمزدہ اور افسرہ ہے ۔

مرحوم  امجد خواجہ  کے والد نے  سابق صدرِ پاکستان اور قانون دان رفیق  تارڑ  کے ساتھ  کام کیا۔مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر  غلام دستگیر امجد خواجہ کے انکل اور وفاقی وزیر خرم دستگیر کزن ہیں۔ امجد خواجہ کی نمازِ جنازہ اسلامک سینٹر آف لانگ آئی لینڈ میں ادا کی گئی ۔

نمازِ جنازہ میں مرحوم  کے عزیز و اقارب، قریبی دوست احباب اور کمیونٹی کی کثیر تعداد شریک ہوئی، اس موقع پر رقت آمیزمناظر بھی دیکھنے میں  آئے ۔بعد ازاں مرحوم کو  لانگ آئی لینڈ کے قبرستان میں آہوں اور سسکیوں کے ساتھ  سپردِ خاک کردیا گیا۔امجد خواجہ نے پسماندگان میں  ایک بیوہ، تین بیٹے، دو بہنیں اور پوتے  پوتیوں کو سوگوار چھوڑا ہے ۔پاکستانی امریکن کمیونٹی امجد خواجہ کی کمی بہت محسوس کرے گی اور ان کی بے لوث خدمات کو  تادیر  یاد رکھا  جائے گا۔کمیونٹی نے مرحوم کی مغفرت، درجات کی بلندی اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام پانے  کی دعا کی ہے۔

This post was originally published on VOSA.