شکاگو کے شہری کو کووڈ ریلیف قرضوں میں دھوکہ دہی پر 42 ماہ قید

شکاگو(ویب ڈیسک) امریکی ریاست الینوائے کے شہر شکاگو کے رہائشی 31 سالہ فاروق خان کو کورونا ریلیف کے تحت فراہم کیے گئے پے چیک پروٹیکشن پروگرام (PPP) اور اکنامک انجری ڈیزاسٹر لون (EIDL) اسکیم میں 36 لاکھ ڈالر سے زائد کے فراڈ پر 42 ماہ قید کی سزا سنائی ہے۔

عدالتی دستاویزات کے مطابق، فاروق خان شکاگو میں واقع "حنان ٹیکس سروسز” نامی ٹیکس کمپنی کے مالک تھے اور مئی 2020 سے اکتوبر 2021 کے دوران انہوں نے کم از کم 30 جعلی قرضوں کی درخواستیں تیار کیں۔ یہ درخواستیں ان کمپنیوں کے نام پر دی گئیں جو درحقیقت غیر فعال تھیں اور وفاقی قرضوں کی اہل نہیں تھیں۔ خان نے درخواستوں میں ملازمین کی تعداد اور ٹیکس ریکارڈز سے متعلق غلط بیانی کی، جس کے نتیجے میں تقریباً 3.6 ملین ڈالر کی رقم غیر قانونی طور پر جاری ہوئی، جبکہ مزید 5 لاکھ 88 ہزار ڈالر کے قرضے حاصل کرنے کی کوشش بھی کی گئی۔ تحقیقات کے مطابق، خان نے ان رقوم میں سے تقریباً 12 لاکھ ڈالر ذاتی طور پر حاصل کیے۔ عدالت نے ملزم کو 36 لاکھ 45 ہزار 104 ڈالر کی رقم بطور ہرجانہ ادا کرنے کا بھی حکم دیا۔  خان نے 19 فروری کو وائر فراڈ کے الزام میں قصور کا اعتراف کیا تھا۔ کیس کی تفتیش ایف بی آئی شکاگو فیلڈ آفس اور امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ کے ہوم لینڈ سیکیورٹی انویسٹی گیشنز (ICE-HSI) یونٹ نے مشترکہ طور پر کی۔ مقدمہ کی پیروی محکمہ انصاف کے کرمنل ڈویژن کی فراڈ سیکشن کی ٹرائل اٹارنی کلیئر سوبزاک پچیلی کر رہی ہیں۔

This post was originally published on VOSA.