
نیویارک(ویب ڈیسک) نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز نے اینیمل کیئر سینٹرز آف نیویارک سٹی (ACC) کے لیے ایک ملین ڈالر کی نئی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے، جس کا مقصد مین ہٹن اور کوئنز میں جانوروں کی پناہ گاہوں کی گنجائش میں اضافہ اور سہولیات میں بہتری لانا ہے۔
میئر ایرک ایڈمز کے مطابق، اس اقدام کے تحت دونوں مراکز کے لیے 14 نئے ملازمین کی بھرتی اور تربیت کی جائے گی تاکہ جانوروں کی دیکھ بھال کا معیار مزید بہتر بنایا جا سکے۔ میئر ایڈمز نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ ACC کا دورہ کریں اور پالتو جانور گود لے کر انہیں نیا گھر فراہم کریں۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح جانور ہماری زندگیوں میں خوشی لاتے ہیں ہمیں بھی ان کی دیکھ بھال میں کوتاہی نہیں برتنی چاہیے۔ میئر کا کہنا تھا کہ ACC ایک غیر منافع بخش ادارہ ہے جو محکمہ صحت و ذہنی حفظان صحت کے ساتھ معاہدے کے تحت شہر بھر میں جانوروں کی کھلی داخلہ پالیسی پر کام کرتا ہے۔ یہ ادارہ براہ راست عوامی گود لینے اور دیگر جانوروں کے فلاحی اداروں کے ساتھ شراکت داری کے ذریعے جانوروں کو محفوظ پناہ فراہم کرتا ہے۔ گود لینے سے قبل جانوروں کو ویکسین، لائسنس اور مائیکرو چِپ فراہم کی جاتی ہے جبکہ ACC جانور چھوڑنے کے رجحان میں کمی اور گمشدہ پالتو جانوروں کو ان کے مالکان سے دوبارہ ملانے کے لیے بھی خدمات فراہم کرتا ہے۔ ایڈمز انتظامیہ نے 2022 میں اسٹیٹن آئی لینڈ میں نیا ACC مرکز، 2024 میں کوئنز میں پہلا مکمل جانوروں کا شیلٹر اور مین ہٹن میں پالتو جانور گود لینے کا مرکز قائم کیا۔ برونکس میں پہلا مکمل شیلٹر اور بروکلین میں جدید ترین مرکز آئندہ سال فعال ہونے کی توقع ہے۔
This post was originally published on VOSA.