
کیلیفورنیا(ویب ڈیسک) امریکی ریاست کیلیفورنیا کے رہائشی مائیکل ایم گلبیٹ پر وفاقی گرینڈ جیوری نے جھوٹے ٹیکس گوشوارے جمع کروانے، میل فراڈ اور منی لانڈرنگ کے الزامات میں فرد جرم عائد کر دی ہے۔
محکمہ انصاف کے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق، گلبیٹ نے اپنی دو کمپنیوں، ایم ایم گلبیٹ اینڈ کمپنی اور وائٹ ماؤنٹین پراپرٹیز کے ذریعے 2017 سے 2020 کے دوران حاصل کردہ آمدنی کو مبینہ طور پر کم ظاہر کیا۔ فرد جرم میں الزام لگایا گیا ہے کہ انہوں نے اپنے کلائنٹس سے "ٹیکس اسٹریٹیجیز” اور "ڈونیشنز” کے نام پر ادائیگیاں وصول کیں جو انہوں نے وائٹ ماؤنٹین کے کھاتے میں منتقل کیں، مگر ان ادائیگیوں کو کاروباری آمدنی کے طور پر IRS کو رپورٹ نہیں کیا۔ استغاثہ کے مطابق یہ رقوم ٹیکس فوائد کا وعدہ کر کے حاصل کی گئیں لیکن ان سے کلائنٹس کو کوئی فائدہ نہیں پہنچا بلکہ گلبیٹ نے انہیں ذاتی مفاد کے لیے استعمال کیا۔ الزامات میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ 2020 سے 2021 کے دوران گلبیٹ نے وائٹ ماؤنٹین سے پانچ ملین ڈالر سے زائد رقم خود منتقل کی اور اسے ذاتی ٹیکس گوشواروں میں ظاہر نہیں کیا۔ عدالت کے مطابق، گلبیٹ کو میل فراڈ کے ہر الزام پر 20 سال، منی لانڈرنگ پر 10 سال اور جھوٹے ٹیکس گوشوارے جمع کروانے پر تین سال قید کی سزا ہو سکتی ہے۔ حتمی سزا کا تعین وفاقی عدالت امریکی سزائی رہنما اصولوں کے مطابق کرے گی۔ کیس کی تحقیقات IRS کی کرمنل انویسٹی گیشن ٹیم کر رہی ہے جبکہ مقدمہ محکمہ انصاف کے ٹیکس ڈویژن اور شمالی ضلع کیلیفورنیا کے وکلاء چلا رہے ہیں۔ محکمہ انصاف نے واضح کیا ہے کہ فرد جرم ایک الزام ہے اور تمام ملزمان کو عدالت میں قصوروار ثابت ہونے تک بے گناہ تصور کیا جاتا ہے۔
This post was originally published on VOSA.