آصف علی زرداری کی 70 ویں سالگرہ پر جیالوں کا نیویارک میں جشن

پاکستان پیپلز پارٹی  کے شریک  چیئر مین  اور صد رِمملکت آصف علی زرداری کی ستر ویں سالگرہ امریکا میں بھی  منائی  گئی۔پی پی پی یو ایس اے کے صدر  خالد اعوان کا کہنا ہے کہ آصف علی زرداری کی ملک اور آئین کے لیے قربانی اور جدوجہد کا  طویل سفر ہے۔امید ہے  پاکستان دو ہزار تیس میں  جی ٹوئنٹی میں شامل ہوگا۔

پاکستان پیپلز پارٹی یو ایس اے کے زیر اہتمام صدرآصف علی زرداری کی سترویں سالگرہ پر نیویارک میں منعقدہ  تقریب کا  آغاز تلاوتِ کلامِ پاک اور بارگاہِ رسالت میں نذرانہ عقیدت پیش کرکے کیا گیا۔ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل سندھ  قاضی  بشیر بطور  مہمانِ خصوصی شریک ہوئے ، پی پی رہنماوں نے ان کی آمد پر استقبال کیا اور گلدستہ پیش کیا۔تقریب کی نظامت  راجہ اسد کر رہے تھے۔ شرکا  سے خطاب میں  پی پی پی  یو ایس اے کے صدر خالد اعوان  اور مہمان ِ خصوصی   قاضی بشیر کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی شہیدوں اور غازیوں کی جماعت  ہونے کےساتھ ساتھ پاکستان کی بقا کی بھی ضامن ہے ۔

تقریب  میں  پیپلز پارٹی کے  ورکرز اور  حامیوں کی  کثیر تعداد شریک تھی،  حاضرین سے خطاب میں پی پی پی نیویارک  کے صدر ظفر  چھٹہ،  ہمایوں صفدر ، جمشید  گجر اور عذرا ڈار کا کہنا تھا کہ  پیپلز پارٹی کے مخالفین بھی آصف علی زرداری  کی سیاسی بصیرت اور مفاہمتی  پالیسی کے  معترف ہیں ۔

سالگرہ کے جشن میں مختلف  شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ پاکستانی امریکن کمیونٹی کی بھی  بڑی تعداد شریک تھی ، اس موقع پر  پیپلز پارٹی کے دیگر رہنماوں کا کہنا تھا کہ  بے نظیر  بھٹو کے قتل کے بعد آصف زرداری  نے پاکستان  کھپے کا نعرہ لگایا اور  اٹھارویں  ترمیم کے ذریعے  صوبوں کو  خودمختار بنایا۔اس  موقع پر  پیپلز  پارٹی کے دیگر اراکین نے  بھی اظہارِ خیال  کرتے ہوئے آصف علی زرداری کی  درازیِ عمر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

تقریب کے اختتام سے قبل صدر آصف علی زرداری کی طویل عمر اور  پی پی  نیو یارک کے صدر ظفر  چھٹہ کی   مرحوم اہلیہ  کی  مغفرت کے لیے دعا  کروائی گئی۔آخر میں پیپلز پارٹی  امریکا  کے  قائدین  نے مہمانوں اور  پارٹی ورکرز کے ساتھ مل کر آصف علی زرداری کی  70 ویں سالگرہ کا کیک کاٹ  کر جشن منایا۔

This post was originally published on VOSA.