نیویارک: سستے گھروں کی فراہمی کے لیے ملازمین و فوجی کو ترجیح

نیویارک(ویب ڈیسک) نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز نے ہاؤسنگ ویک کے موقع پر اہم اقدام کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر کے سستے گھروں کی فراہمی میں شہری ملازمین اور سابق فوجی اہلکاروں کو ترجیح دی جائے گی۔

میئر ایڈمز کے مطابق اس پالیسی کے تحت اب کم آمدنی والے افراد کے لیے بنائے گئے گھروں میں 10 فیصد گھر ان شہری ملازمین کے لیے مختص ہوں گے جو پہلے 5 فیصد کی حد میں آتے تھے، جب کہ پہلی بار سابق فوجی اہلکار بھی اس ترجیحی فہرست میں شامل ہوں گے۔یہ ترجیح ان گھروں پر لاگو ہوگی جو ہاؤسنگ پریزرویشن اینڈ ڈیولپمنٹ (HPD) یا ہاؤسنگ ڈیولپمنٹ کارپوریشن (HDC) کی مالی معاونت سے تعمیر کیے گئے ہوں اور ہاؤسنگ کنیکٹ لاٹری کے تحت پیش کیے جائیں گے۔ ترجیحی اہل افراد میں وہ شہری ملازمین شامل ہوں گے جو نیو یارک سٹی میں ملازم ہیں، جبکہ سابق فوجی اہلکاروں میں امریکی مسلح افواج، نیشنل گارڈ یا ریزرو فورسز کے سابق ارکان شامل ہوں گے۔میئر ایڈمز کا کہنا تھا کہ سٹی ملازمین روزانہ 8.5 ملین شہریوں کے لیے خدمات انجام دیتے ہیں اور ہم چاہتے ہیں کہ وہ اسی شہر میں باعزت اور سستی رہائش حاصل کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ بہت سے سابق فوجی اہلکار آج بھی رہائشی عدم تحفظ اور ذہنی دباؤ جیسے مسائل کا شکار ہیں، اس لیے ان کے لیے سستے گھروں تک رسائی کو یقینی بنانا ہماری ذمہ داری ہے۔نئی پالیسی کے تحت ہاؤسنگ کنیکٹ لاٹری میں اپلائی کرنے والے افراد اگر شہری ملازم ہیں تو انہیں حالیہ تنخواہ کی رسید یا ٹیکس دستاویز فراہم کرنا ہوگی، جبکہ سابق فوجی اہلکاروں کو اپنی عسکری خدمات کا ثبوت دینا ہوگا، جیسے ملٹری آئی ڈی یا ویٹرنز افیئرز کی جانب سے جاری کردہ دستاویزات۔

This post was originally published on VOSA.