
نیویارک(ویب ڈیسک)کینیڈا کے بے قابو جنگلاتی شعلوں کے باعث امریکہ کے کئی علاقوں میں ہوا کا معیار شدید متاثر ہو رہا ہے، نیویارک سٹی بروز منگل دنیا کے نویں بدترین فضائی معیار کے درجے پر رہا۔
حکام کے مطابق منگل کے روز گریٹ لیکس سے لے کر نیویارک سٹی تک ایئر کوالٹی الرٹ جاری کیا گیا۔نیویارک سٹی دنیا کے نویں بدترین فضائی معیار کے درجے پر رہا۔جس کی بڑی وجہ کینیڈا سے آنے والا دھواں تھا۔کینیڈا بھر میں اس وقت 700 سے زائد جنگلاتی آگ بھڑک رہی ہیں جن میں تقریباً 300 کو قابو سے باہر قرار دیا گیا ہے۔ماہرین صحت نے سانس کے مریضوں، بزرگ افراد اور بچوں کو خاص طور پر احتیاط برتنے اور غیر ضروری طور پر باہر جانے سے گریز کی ہدایت کی ہے۔ لینوکس ہِل اسپتال میں پلمونولوجی کے سربراہ ڈاکٹر علی موسانی کا کہنا ہے کہ ایسے افراد کو کھانسی، سانس لینے میں دشواری، چھینکیں اور دیگر علامات کا سامنا ہو سکتا ہے، حتیٰ کہ صحت مند افراد بھی باہر ورزش یا جسمانی مشقت سے بچیں۔ماہرین نے مشورہ دیا ہے کہ اگر باہر جانا ناگزیر ہو تو N95 یا K95 ماسک کا استعمال کریں۔ نیویارک اسٹیٹ ہیلتھ اور انوائرمنٹل کنزرویشن حکام کے مطابق یہ مسئلہ کئی روز تک جاری رہ سکتا ہے، اور کم از کم جمعرات تک فضائی معیار خراب رہنے کا خدشہ ہے۔
This post was originally published on VOSA.