
نیویارک کے علاقے بروکلین کے نائٹ کلب میں فائرنگ کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق اور 10 زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ صبح ساڑھے تین بجے کے قریب ’’ٹیسٹ آف دی سٹی‘‘ لاؤنچ، فرینکلن ایونیو پر پیش آیا۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ موقع پر اچانک گولیاں چلنے لگیں، لوگ بھاگ کر جان بچانے کی کوشش کرتے رہے، اس دوران بعض افراد بھاگنے کے دوران بھی زخمی ہوگئے۔پولیس کمشنر جیسیکا ٹش نے بتایا کہ مرنے والوں میں 19، 27 اور 35 سالہ مرد شامل ہیں جبکہ دیگر زخمی افراد کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ جائے وقوعہ سے 42 خول برآمد ہوئے، اور شبہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ چار حملہ آوروں نے فائرنگ کی۔ پولیس کے مطابق یہ واقعہ گینگز سے جڑا ہو سکتا ہے، کیونکہ شہر میں ہونے والی فائرنگ کے 60 فیصد واقعات گینگ کشمکش کا نتیجہ ہیں۔اب تک کسی کو گرفتار نہیں کیا گیا ہے جبکہ تفتیش جاری ہے۔ پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی نے حملہ آوروں کو بھاگتے یا فائرنگ کی بات کرتے دیکھا ہو تو اطلاع دیں تاکہ ملزمان کو پکڑا جا سکے۔ گزشتہ نومبر بھی اسی مقام کے باہر ایک 28 سالہ نوجوان پر فائرنگ کی گئی تھی۔
This post was originally published on VOSA.