
شکاگو: (رپورٹ : سید خلیل اللہ )ریاست الینوائے کی کک کاؤنٹی مین ٹاؤن شپ میں پاکستانی امریکن کمیونٹی نے اپنا چوتھا سالانہ ثقافتی تہوار اور یوم آزادی بھرپور جوش و خروش اور قومی جذبے کے ساتھ منایا۔ مین ٹاؤن شپ کے تاریخی ڈی پارک، ڈیس پلینز میں منعقد ہ تقریب کا انتظام آصف ملک، رانا جاوید خان اور تنظیم کیئر اینڈ کیور نے مشترکہ طور پر کیا۔ رانا جاوید خان نے بطور ناظمِ تقریب فرائض انجام دیے، جب کہ تلاوتِ قرآن پاک سید عبدان اللہ نے کی۔
تقریب میں پاکستان کے قونصل جنرل طارق کریم مہمانِ خصوصی کے طور پر شریک ہوئے، جبکہ ڈپٹی قونصل جنرل سعید علی بھی موجود تھے۔مقامی اور ریاستی سطح پر نمایاں شرکت کرنے والوں میں ڈیس پلینز کے میئر اینڈریو گوکزکوسکی،پارک رج کے میئر مارٹی مالونی،مین ٹاؤن شپ کی سپروائزر کمبرلی جونز اور اراکین پیٹر گیلاماس، سوسن موئلان کری، کیلی ہورواتھ، جیمز مہر،ریاستی سینیٹرز لورا فائن اور لورا مرفی،کک کاؤنٹی کمشنر کیون موریسن،دیگر کمیونٹی رہنما اور معززین شامل تھے۔قونصل جنرل طارق کریم نے امریکہ میں پاکستانی کمیونٹی کے مثبت اثرات اور خدمات کو سراہتے ہوئے کہاکہ یہ دن نہ صرف پاکستان کی آزادی کا دن ہے بلکہ ہماری کمیونٹی کی وابستگی اور کامیابی کا بھی جشن ہے۔
تقریب کی صدارت پاکستانی امریکن بزنس مین نوید انور نے کی، جو پاکستان کے کاروباری دورے کے باعث ذاتی طور پر شریک نہ ہو سکے لیکن انہوں نے اپنی نیک تمنائیں بھیجیں۔ٹرسٹی آصف ملک نے کہا کہ آزادی خدا کا عطا کردہ عظیم تحفہ ہے، ہمیں اس کی قدر کرنی چاہیے۔تقریب میں قوال آصف علی ستو کی لائیو پرفارمنس نے حاضرین کو جھومنے پر مجبور کر دیا۔ حب الوطنی پر مبنی اور لوک قوالیاں، نوجوانوں کے رنگا رنگ رقص اور پاکستانی پرچموں کی بہار نے حاضرین کو جذبے سے لبریز کر دیا۔یوتھ آف شکاگولینڈ نے اپنے رقص، موسیقی اور پرفارمنسز کے ذریعے ایونٹ کو مزید چار چاند لگا دیے اور یوم آزادی کے جشن کو یادگار بنا دیا۔
This post was originally published on VOSA.