
نیویارک(ویب ڈیسک) نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز نے اپنی سرکاری رہائش گاہ گریسی مینشن پر پہلی بار پاکستان کے ثقافتی ورثے کی تقریب سجا کر پاکستانی امریکیوں کے دل جیت لیے ۔ ملی نغمے گائے گئے اور کمیونٹی کی کئی شخصیات کو تعریفی اسناد سے بھی نوازا گیا۔
پاکستان کے یومِ آزادی کی مناسبت سے نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز کی سرکاری رہائش گریسی مینشن پر تاریخ میں پہلی بار پاکستان کے ثقافتی ورثے کا دن منایا گیا جس میں کمیونٹی کی کثیر تعداد شریک ہوئی ، شرکا سے خطاب میں میئر ایرک ایڈمز کا کہنا تھا کہ میں نے پاکستانی کمیونٹی سے صرف سیاسی وعدے نہیں کیے بلکہ جو کہا وہ کرکے بھی دکھایا۔تقریب کی نظامت پہلی مسلم لائژون آفیسر عطیہ شہناز کر رہی تھیں۔ ان کا کہنا تھا پاکستانی کمیونٹی کو جس قدر اہمیت موجودہ میئر ایرک ایڈمز نے دی ہے ماضی میں ایسی مثال نہیں ملتی ۔ثقافتی ورثے کی تقریب میں پاکستانی کمیونٹی نے سبزو سفید لباس زیب تن کیے ہوئے تھے۔ اس موقع پر نوجوان گلوکار نے ملی نغمے سنا کر سب کا لہو گرمایا۔تقریب میں اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار، نیویارک میں قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی اور دیگر بھی شریک ہوئے ۔مقررین کا کہنا تھا کہ آج کا دن پاکستانی کمیونٹی کے لیے کسی تحفے سے کم نہیں ۔ثقافتی ورثے کے جشن میں نیویارک پولیس میں تعینات پہلے پاکستانی نژاد انسپکٹر عدیل رانا، ڈپٹی انسپکٹر مصباح نور، ڈپٹی انسپکٹر جہانگیر اشرف او ر دیگر بھی شریک تھے ۔اس موقع پر بچوں نے پاکستان کے تمام صوبوں کی ثقافت کی نمائندگی کی اور لوک گیتوں پر ٹیبلو پیش کیا۔اس موقع پر نیویارک سٹی میں کمیونٹی افیئرز یونٹ کے کمشنر فریڈ کرزمین اورکمشنر عاصم الرحمان نے بھی اظہارِ خیا ل کیا، شرکاٗ سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ سیاستدان تو وعدے کرتے ہیں لیکن ایرک ایڈمز نے عمل کرکے دکھایا۔ تقریب میں نیویارک کی شہری حکومت میں شامل پاکستانی نژاد افسران سمیت کمیونٹی کی سیاسی ، سماجی اور کاروباری شخصیات بھی شریک تھیں۔مقررین نے میئر ایرک ایڈمز کی کاوشوں اور اقدامات کو تاریخی قرار دیا۔تقریب کے اختتام سے قبل سماجی رہنما نسیم گلگتی نے ایرک ایڈمز کو گلگت بلتستان کی ثقافتی ٹوپی پہنائی۔اس موقع پرپاکستانی کمیونٹی کی کاروباری و سماجی شخصیت سیف ناگرا، عباس رضا رضوی ، ڈاکٹر عبد الواحد، اپنا ایڈلٹ ڈے کیئر کی آمنہ خواجہ کو کمیونٹی سروسز پر تعریفی اسناد سے نوازا گیا۔ تقریب میں پاکستان میں حالیہ سیلاب میں جاں بحق افراد اور متاثرین سے اظہارِ یکجہتی کے لیے خاموشی بھی اختیار کی گئی ۔
This post was originally published on VOSA.