نیویارک میں رنگ گورا کرنے والی کریموں پر پابندی

نیویارک کی اٹارنی جنرل لیٹیشیا جیمز رنگ گورا کرنے والی مصنوعات میں مرکری کے غیر قانونی استعمال کی روک تھام کے لیے میدان میں آگئیں ۔تین کاسمیٹکس کمپنیوں کی مصنوعات کی فروخت فوری طور پر بند کرنے کا حکم دے دیا۔

لیٹیشیا جیمز نے الینا کاسمیٹکس، ایگزابی اسکن کیئر اور سنگھ کارٹ  کو اپنی مصنوعات کی فروخت اور تیاری فوری طور پر بند کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ اٹارنی جنرل کے دفتر کے مطابق ان کمپنیوں کی مصنوعات میں مرکری کی مقدار ریاستی قانون میں مقررہ حد سے 30 ہزار گنا زیادہ پائی گئی ہے، جو انسانی صحت کے لیے انتہائی نقصان دہ ہے۔حکم نامے کے تحت کمپنیوں کو پانچ دن کے اندر عمل درآمد کی رپورٹ جمع کرانا ہوگی، بصورت دیگر ہر روز کی خلاف ورزی پر 2500 ڈالر جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ اٹارنی جنرل کے فیصلے کو سماجی تنظیموں نے خوش آئند قرار دیا ہے۔ اپنا بروکلین کمیونٹی سینٹر کی سی ای او ارم حنیف نے کہا کہ بہت سی جنوبی ایشیائی خواتین ان مصنوعات کے نقصانات سے لاعلم ہیں، جبکہ امریکن پاکستانی ایڈووکیسی گروپ کے صدر علی راشد نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ایسی کریموں کا استعمال فوری بند کریں۔محکمہ صحت نے خطرناک کاسمیٹکس مصنوعات کی فہرست جاری کی ہے، جس میں پاکستان، لبنان، اسپین، ڈومینیکن ری پبلک، جمیکا، تھائی لینڈ اور یورپی ممالک کی 100 سے زائد مصنوعات شامل ہیں، جن میں پاکستان میں تیار کی جانے والی 30 مصنوعات بھی شامل ہیں۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ان مصنوعات کی فروخت کی اطلاع 311 پر درج کرائیں۔

This post was originally published on VOSA.