کینٹکی میں UPS طیارہ حادثہ، انجن ٹوٹنے کی نئی تفصیلات

امریکی وفاقی تحقیقاتی اداروں نے UPS کارگو طیارے کے تباہ کن حادثے کی نئی تفصیلات جاری کی ہیں، جس میں طیارے کے بائیں بازو سے انجن کے الگ ہونے کے ڈرامائی مناظر سامنے آئے ہیں۔ دو ہفتے قبل ہونے والے اس حادثے میں تین پائلٹس سمیت مجموعی طور پر 14 افراد جان سے گئے تھے۔

تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ انجن پرواز کے فوراً بعد الگ ہوا اور شعلوں کے ساتھ اوپر کی سمت اچھلا، جس کے چند لمحوں بعد طیارہ صرف 30 فٹ کی بلندی تک جا کر گر کر تباہ ہوگیا۔نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ (NTSB) کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق انجن ماؤنٹ میں دراڑوں کے شواہد ملے ہیں۔ جس کا آخری معائنہ اکتوبر 2021 میں ہوا تھا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ پرانے طیاروں میں ایسے "اوور اسٹریس” اور تھکاوٹ کے باعث پیدا ہونے والی دراڑیں عمومی مسئلہ ہیں، حادثے کے بعد امریکا میں UPS، FedEx اور Western Global کے تمام MD-11 اور DC-10 ماڈلز کو گراؤنڈ کر دیا گیا ہے، اور اب اس بات کا جائزہ لیا جا رہا ہے کہ انجن ماؤنٹ کی مرمت، تبدیلی یا مزید باریک بینی سے جانچ کی ضرورت ہے۔ ماہرین کے مطابق ان جہازوں کو ویسے بھی اگلے چند برسوں میں ریٹائر کیا جانا تھا، اس لیے مرمت کی لاگت اور وقت دونوں بڑی چیلنج کی حیثیت رکھتے ہیں۔ اس سانحے کے بعد شہر بھر میں غم کی فضا برقرار ہے، اور مقامی آرکسٹرا نے متاثرین کی یاد میں ایک مفت تعزیتی کنسرٹ کا اعلان کیا ہے تاکہ کمیونٹی کو کچھ سکون فراہم کیا جا سکے۔

This post was originally published on VOSA.