نیویارک میں برفانی ہوائیں اور بارش، شہری پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کریں،انتظامیہ

نیویارک کی شہری حکومت نے موسم سرما کے طوفان، تیز برفانی ہوائیں، بارش اور ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیشِ نظر ٹریول ایڈوائزری جاری کردی ہے، انتظامیہ نے شہریوں کو تاکید کی ہے کہ وہ اس دوران تمام تر احتیاطی تدابیر اختیار کریں ۔نیویارک سٹی  کے ایمرجنسی منیجمنٹ  ڈیپارٹمنٹ نے  موسم کی موجودہ صورتحال  میں شہریوں  کو ممکنہ پریشانی سے بچانے کے لیے  سفری  ہدایات  جاری کی  ہیں جس میں شہریوں سے کہا گیا ہے کہ    25 سے 35 میل  فی گھنٹہ کی رفتار سے  چلنے والی یخ بستہ ہوائیں اور بارش  کی  وجہ سے  کئی علاقوں  میں  سیلابی صورتحال کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے ، شہری   غیر ضروری  گھر سے باہر نہ جائیں اور  اس  دوران  جب بھی   گھر سے  باہر نکلیں تو  تمام تر احتیاطی  تدابیر ضرور اختیار کریں ۔ میئر نیویارک  سٹی ایرک ایڈمز کا کہنا ہے کہ  شہری انتظامیہ کے تمام تر ادارے     موجودہ  صورتحال سے نمٹنے کے  لیے متحرک ہیں، نشیبی علاقوں اور بیسمنٹ  میں  رہائش  پذیر  شہری  ہنگامی  حالات  اور بارش زیادہ ہونے  کی وجہ سے   بالائی  حصے میں  قیام کریں۔شہریوں کو ہدایات دی گئی ہیں کہ  موسم  کی  ہنگامی صورتحال کے دوران   پبلک ٹرانسپورٹ پر انحصار کریں، ذاتی  گاڑی کے استعمال کی  صورت میں    گاڑی  آہستہ چلائیں اور   چھوٹی شاہراوں اور گلیوں کے  بجائے   مرکزی  سڑکوں اور  ہائی ویز کے استعمال کو  ترجیح دیں۔شہریوں کو دی  گئیں ہدایات میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ  نشیبی  علاقوں  سمیت ایسے تمام  مقامات جہاں  پانی کھڑا ہو وہاں سے نہ گزریں اور اگر کسی بھی  سب وے اسٹیشن میں پانی  بھر  گیا ہو تو اسے استعمال  نہ کریں۔

This post was originally published on VOSA.