اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے دوسری مرتبہ صدر پاکستان کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔حلف برداری کی تقریب اسلام آباد میں منعقد ہوئی جس میں چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے آصف زرداری سے عہدے کا حلف لیا۔ تقریب میں چاروں صوبوں کے گورنرز اور وزرائے اعلیٰ موجود تھے، وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور تقریب میں شریک نہیں ہوئے۔تقریب میں سابق صدر ڈاکٹر عارف علوی، وزیراعظم شہباز شریف، قائد مسلم لیگ ن نواز شریف، اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق، بلاول بھٹو، بختاور بھٹو، آصفہ بھٹو زرداری شریک ہوئے۔ اس کے علاوہ، آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے بھی تقریب میں شرکت کی۔علاوہ ازیں چین کے سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق اپنے پیغام میں صدر شی جنپنگ نے کہا کہ چین اور پاکستان اچھے پڑوسی، دوست، شراکت دار اور بھائی ہیں اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان بھی تعلقات مثالی اور آہنی ہیں۔چینی رہنما نے مزید کہا کہ وہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتے ہیں اور روایتی دوستی کو آگے بڑھانے کے خواہش مند ہیں۔ پاکستان کی وسیع تر ترقی کے لیے صدر زرداری کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہیں۔چینی صدر نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ دونوں ممالک نے حالیہ برسوں میں قریبی تعلقات کو برقرار رکھا اور اپنے اپنے بنیادی مفادات اور اہم خدشات سے متعلق امور پر ایک دوسرے کی حمایت کی۔صدر شی جنپنگ نے یہ بھی کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کی تعمیر میں نتیجہ خیز نتائج حاصل کیے ہیں اور دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرتے ہوئے خطے کی ترقی کے لیے مزید کام کیا ہے۔
This post was originally published on VOSA.