پاکستانی صحافیوں کے لیے یورپ میں صحافتی ذمہ داریاں نبھانے کی راہ ہموار

بیرن:سوئٹزرلینڈ کے دارالحکومت بیرن میں پاکستانی صحافیوں کے لیے ایک اہم پیش رفت کے طور پر  یورپین ایسوسی ایشن آف پاکستانی جرنلسٹس گلوبل کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ جس کی میزبانی پاک سوئس ایسوسی ایشن نے کی۔ ایسوسی ایشن  کی پہلی باضابطہ افتتاحی تقریب  میں یورپ بھر سے پاکستانی صحافیوں نے شرکت کی۔   اس تنظیم کا مقصد پاکستانی اور یورپی صحافیوں کے درمیان پیشہ ورانہ خلیج کو پر کرنا ہے۔ اس تنظیم کا قیام عالمی سطح پر پاکستانی صحافیوں کے تعاون اور پیشہ ورانہ مہارت کو بڑھانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔تقریب میں جرمنی سے تنظیم کے بانی صدر  شاہد امیر گورایہ،  ناروے سے جنرل سکریٹری محمد زنیر، جرمنی سے سنئیر نائب صدر  سید حیدر نقوی، ہالینڈ سے نائب صدر  ڈاکٹر کامران،  سوئٹزر لینڈ سے فنانس سکریٹری فہیم شہزاد، گریس سے انفارمیشن سیکریٹری خالد مغل، برلن سے جوائنٹ سکریٹری مطیع اللہ خان جبکہ ایڈوائزری بورڈ کے ہیڈ عمران مہر، اور احسان اللہ شامل تھے۔تنظیم کے بانی صدر شاہد امیر گورایہ نے کہا کہ ہمارے  مشن  میں یہ بھی شامل ہے کہ پاکستان سے صحافیوں اور ان طالب علموں کے لیے آسانیاں پیدا کریں گے جو یورپ میں صحافت کی تعلیم حاصل کرنے کے لئے  آنا چاہتے ہیں ۔ اور ایسے صحافی جو یورپ میں صحافتی پیشہ وارانہ تربیتی پروگرامز میں حصہ لینا چا ہتے ہوں۔ نیز صحافت کے طالب علموں کو اپنی تنظیم میں انٹرن شپ کے مواقع بھی فراہم کریں گے۔تنظیم کا مقصد نہ صرف دنیا بھر کے پاکستانی صحافیوں کو ایک بین الاقوامی پلیٹ فارم پر لانا ہے بلکہ یورپی ایسوسی ایشن آف پاکستانی جرنلسٹس گلوبل کے ذریعے پاکستانی اور غیر ملکی صحافیوں کے درمیان باہمی تعاون کو فروغ دینا ہے۔شرکاء کا کہنا تھا کہ   صحافت سے منسلک ایسے صحافیوں اور طلباء کے لیے آسانیاں پیدا کریں  گے جو وظائف اور روزگار کے مواقع کے لیے یورپ آنا چاہتے ہوں۔

This post was originally published on VOSA.