آئی سی سی کا ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میچ کا شیڈول جاری

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے آئندہ برس کھیلے جانے والے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل کے مقام اور تاریخ کا حتمی اعلان کردیا ہے۔

آئی سی سی کے شیڈول کے مطابق ٹیسٹ چیمپئن شپ آئندہ سال 11 سے 15 جون تک لندن کے تاریخی لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔ جبکہ 16 جون کو ریزرو ڈے کے طور پر رکھا گیا ہے۔ آئی سی سی کے مطابق شائقین کرکٹ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل کے ٹکٹ کے لیے آفیشل ویب سائٹ پر رجسٹریشن کراسکتے ہیں۔

یہ آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کا تیسرا ایڈیشن ہے، جس کا فائنل 25-2023 کے اختتام پر آئی سی سی کی دو ٹاپ رینکنگ ٹیسٹ ٹیموں کے درمیان ہوگا۔اس سے قبل افتتاحی ایڈیشن میں نیوزی لینڈ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن بنی تھی۔ جب کہ آسٹریلیا نے دوسرا چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ دونوں بار حریف ٹیم بھارت تھی جو ناکام ونامراد واپس لوٹی تھی۔

This post was originally published on VOSA.