نیو یارک: میئر کا بچوں کی حفاظت و تعلیمی پروگرام کے حوالے سے اہم بیان

نیویارک( ویب ڈیسک) امریکی شہر نیویارک سٹی کے میئر ایریک ایڈمز نے ہفتہ وار کانفرنس میں بچوں کے حفاظت و تعلیمی پروگرام اور غیر قانونی کینابس شاپس کے خلاف ہونے والے کریک ڈاؤن پر بات کی۔

میئر ایرک ایڈمز نے ہفتہ وار پریس کانفرنس میں شہر کے مختلف مسائل پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ گرمیوں کا موسم ختم ہو چکا ہے اور اب بچے اسکول جائیں گے۔ انہوں نے بچوں کی حفاظت کے لیے مختلف اقدامات پر بات کی اور 71 اوپن سٹریٹس کے منصوبے کی تعریف کی۔ جس سے بچوں کو باہر کھیلنے کا موقع ملے گا اور اسکول کے ارد گرد کی سڑکوں کو محفوظ بنایا جا سکے گا۔

پریس کانفرنس میں میئر ایڈمز نے بچوں کے تعلیمی پروگرام کے حوالے سے بھی ایک بڑی کامیابی کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ پہلی بار کے تھری پروگرام کے لیے وقت پر درخواست دینے والے تمام خاندانوں کو نشستیں دی گئیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ سٹی نے درخواست گزاروں کی تعداد میں تین گنا اضافہ کے باوجود تمام بچوں کو نشستیں فراہم کی ہیں۔ میئر ایڈمز نے کہا کہ بچوں کی تعلیم اور تحفظ کے لیے ان کی انتظامیہ نے $100 ملین اضافی رقم فراہم کی ہے اور 1,500 اضافی نشستیں شامل کی ہیں۔ انہوں نے اس کامیابی کو شہر کی معاشی حالات اور بچوں کی تعلیم کے حوالے سے ایک اہم قدم قرار دیا۔

میئر ایڈمز نے غیر قانونی کینابس شاپس کے خلاف ہونے والے حالیہ کریک ڈاؤن پر بھی بات کی۔ انہوں نے کہا کہ رنگین پیکنگ کے ذریعے نوجوانوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے، جو کہ ایک خطرناک رجحان ہے۔ انہوں نے شیرف میرانڈا اور ان کی ٹیم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ایک ہزار غیر قانونی چرس کی دکانیں بند کی جاچکی ہیں۔ جبکہ 4 ٹن غیر قانونی مواد کو تلف کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ غیر قانونی چرس کی دکانوں کے خلاف مہم جاری رہے گی۔ جبکہ اب تک 64 ملین ڈالرز کی غیر قانونی مصنوعات کو ہٹایا جا چکا ہے۔ مئیر نے بتایا کہ جمعہ کی رات 800 پاؤنڈ غیر قانونی مواد ضبط کیا گیا۔ جس کی قیمت ایک ملین ڈالر سے زیادہ تھی۔

This post was originally published on VOSA.