لٹل پاکستان میں نیو لائف مینارٹی ہیومن رائٹس کونسل کے زیر اہتمام خواتین کا میلاد

نیویارک(بیورو رپورٹ)نیویارک  لٹل پاکستان میں نیو لائف مینارٹی ہیومن رائٹس کونسل کے زیر اہتمام ربیع الاول کی مناسبت سے  خواتین کے لیے پروقار محفل میلاد منعقد ہوئی۔ حاضرین نے بڑے ذوق و شوق سے اس بابرکت محفل میں شرکت کی اور حضور ﷺ کی شان میں عقیدت کا اظہار کیا۔نیویارک کے علاقے لٹل پاکستان میں نیو لائف مینارٹی ہیومن رائٹس کونسل کے زیر اہتمام ربیع الاول کے بابرکت مہینے کے آغاز کی مناسبت سے خواتین کا خصوصی میلاد منعقد ہوا۔ یہ وہ بابرکت مہینہ ہے جس میں حضور اکرم ﷺ دنیا میں تشریف لائے، اور اس خوشی میں ہر سال دنیا بھر میں محافل میلاد منعقد کی جاتی ہیں۔میلاد کی محفل کی نظامت ڈاکٹر سلمی کوثر نے بخوبی انجام دی۔پروگرام کا آغاز تلاوتِ کلام پاک سے ہوا، جس کے بعد حمد و ثناء پیش کی گئی۔نیو لائف مینارٹی ہیومن رائٹس کونسل کی چئیر پرسن  راحیلہ اسلم نے استقبالیہ کلمات ادا کئے۔بعد از درود و سلام پر نور محفل میں معروف نعت خواں خواتین نے حضور اکرم ﷺ کی بارگاہ میں عقیدت کے پھول نچھاور کرتے ہوئے خوبصورت نعتیں پیش کیں۔ میلاد کے دوران سیرتِ طیبہ پر بھی خصوصی بیان دیا گیا، جس میں حضور اکرم ﷺ کی حیاتِ طیبہ اور ان کی تعلیمات کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی گئی۔ بیان میں خواتین کو اسلامی تعلیمات کی پیروی کرنے اور نبی اکرم ﷺ کی سیرت کو اپنی زندگیوں کا حصہ بنانے کی تلقین کی گئی۔میلاد کی یہ محفل خواتین کے لیے روحانی تجدید کا باعث رہی اور شرکاء نے اس بابرکت موقع پر دلی سکون اور خوشی محسوس کی۔میلاد کے آخر میں سلام پڑھا گیا۔محفل کے اختتام پر میلاد کی خوشی میں کیک کاٹا گیا، جس کے بعد دعا کی گئی کہ اللہ تعالیٰ امتِ مسلمہ کو حضور ﷺ کی تعلیمات پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔

This post was originally published on VOSA.