نیویارک میں جشنِ عید میلاد النبی کا آغاز،فضائیں دردو سلام سے معطر

نیویارک(بیورو رپورٹ)ربیع الاول کے آغاز پر نیویارک میں بھی جشنِ عید میلاد النبی کا آغاز ہوگیا۔انٹرنیشنل میلاد کونسل اینڈ علامہ اقبال کمیونٹی سینٹر کے زیر اہتمام  عیدمیلاالنبی کا جلوس برآمد ہوا۔فضائیں دردو سلام سے معطر ہو گئیں۔انٹر نیشنل میلاد کونسل اور علامہ اقبال کمیونٹی نے جشنِ عید میلاد النبی کی مناسبت سے پہلے سالانہ جلوس کا اہتمام کیا۔جس میں شرکت کے لیے نیویارک کے مختلف علاقوں سے عاشقانِ مصطفیٰ،طیبہ اسلامک سینٹر پر جمع ہوئے اور تلاوتِ کلام پاک سے اس بابرکت محفل کا آغاز ہوا۔تقریب کی نظامت علامہ اقبال کمیونٹی سینٹر کے مفتی سجاد مدنی کررہے  تھے جنھوں نے شرکاء کی آمد پر ان کا خیرمقدم کیا۔ جلوس کے منتظمین نےابتداء میں شرکاء کے لیے طیبہ اسلامک سینٹر پر ناشتے کا بھرپور اہتمام کیا۔بعدازاں معروف نعت خوانوں نے بارگاہِ رسالتﷺ میں عقیدت کے پھول نچھاور کیے۔اس موقع پر جلوس میں آنے والے مہمانوں کا استقبال کیا جاتا رہا اور انھیں گلدستے بھی پیش کیے گئے۔شرکاء سے خطاب میں علامہ کمیونٹی سینٹر کے  روحِ رواں ملک ناصر اعوان،طاہر بھٹہ،نوجوان رہنما حسن ناصر اعوان نے کہا یہ پروردگار  اپنے محبوب سے وعدہ ہے کہ ہر زمانے میں میرے نبی کا ذکر بلند رہے گا۔اس دوران جلوس میں مدعو کیے گئے دیگر نعت خوانوں نے بھی بارگاہِ رسالت میں نذرانہِ عقیدت پیش کیا۔عید میلا النبی کی مناسبت سے منعقدہ جلوس و کار ریلی کی روانگی سے قبل  علماء کرام اور دیگر  نے علامہ اقبال کمیونٹی سینٹر،طیبہ اسلاملک سینٹر سمیت ان کے تمام رفقاء و معاونین سے اظہارِ تشکر کیا او ر اس  کاوش کی قبولیت  کے لیے دعا بھی کی۔اس موقع پر انجمنِ غوثیہ کے بانی پیر سید صفدر حسین شاہ نے جلوس کے آغاز پر دُعا کروائی۔بعد ازاں جلوس علماء کرام کی قیادت میں طیبہِ اسلامک سینٹر سے درود سلام  پڑھتے ہوئے مکی مسجد کی طرف روانہ ہوا۔جلوس میں بیت اللہ اور مدینہ منورہ کی  شبیہہ پر مبنی خوبصورت فلوٹس میں شامل رہے۔اس موقع پر جلوس میں شریک دیگر علماء کرام نے بھی اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا،ان کا کہنا تھا کہ میلاد النبی  منانے کی سعادت ہر کسی کو نصیب نہیں ہوتی۔جلوس کے دوران  فضائیں درودو سلام  اور نعروں سے گونجتی رہیں۔شرکاء  ِجلوس میلادالنبی کی مناسبت سے ہاتھوں میں سبز پرچم  بھی لہرارہے تھے۔جلوس وکار ریلی کونی آئی لینڈ ایونیو پر اپنے مقررہ مقام مکی مسجد پہنچی تو ان کا استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر علماء کرام نے خطاب کرتے ہوئے کہا اس روئے زمین پر کوئی خطہ ایسا نہیں جہاں سرکارِ دو عالم کی  آمد کا جشن نہ منایا جاتا ہو۔

جلوس کے منتظمین علامہ اقبال کمیونٹی سینٹر کے روحِ رواں ملک ناصر اعوان اور ان کے بیٹے حسن ناصر اعوان نے  نیویارک پولیس کے افسران کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے انھیں ایوارڈز پیش کیے۔بعد ازاں جلوس کے اختتام سے قبل رحمت اللعالمین کی بارگاہ میں درودو سلام  بھیجا گیا۔جلوس کے اختتام پر امتِ مسلمہ  کی ترقی و خوشحالی اور کامیابی کے لیے دعا بھی کروائی گئی ۔

This post was originally published on VOSA.