طوفان ہیلین: فلوریڈا میں ایمرجنسی نافذ کرنے کا عندیہ، ورجینیا میں ایمرجنسی نافذ

نیویارک(ویب ڈیسک)سمندری طوفان ہیلین تیزی سے امریکہ کی طرف بڑھ رہا ہے۔ ریاست فلوریڈا میں حکام نے ایمرجنسی نافذ کرنے کا عندیہ دیا ہے۔ جبکہ ورجینیا کے گورنر نے طوفان کے ممکنہ خطرے کے پیش نظر پہلے سے ہی ریاست میں ایمرجنسی نافذ کردی ہے۔ سمندری طوفان ہیلین کی آمد کے پیش نظر فلوریڈا میں ہوائی اڈے اور کالجز بند کر دیے گئے ہیں، امریکی نیشنل ہریکین سنٹر کے مطابق یہ ممکنہ طور پر کیٹیگری 4 کا طوفان ہوگا، جس سے غیر معمولی نقصان کی توقع ہے۔ ورجینیا کے گورنر گلین ینگکن نے طوفان کے تیزی سے شدت اختیار کرنے کی وجہ سے ریاست میں ایمرجنسی کا اعلان کر دیا ہے، گورنر ینگکن نے اپنے بیان میں کہا کہ اگرچہ پیش گوئی کے مطابق ہیلین کے اثرات ورجینیا میں فلوریڈا کی طرح شدید نہیں ہوں گے، لیکن اس طوفان کے باعث ورجینیا میں بھی خراب موسم کے امکانات موجود ہیں۔ گورنر نے عوام سے درخواست کی کہ وہ اپنے مقامی حکام کی ہدایات پرعمل کریں۔ نیشنل ہاریکین سینٹر کے نائب ڈائریکٹر نے بھی خبردار کیا ہے کہ سمندری طوفان خطرناک سیلابی حالات پیدا کر سکتا ہے، اور اس کے ممکنہ اثرات کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ لہذا شہری احتیاط کریں اور حکام کی ہدایات پر عمل کریں۔

This post was originally published on VOSA.