نیویارک میں دو خوفناک ٹریفک حادثات، 4 افراد جاں بحق

نیویارک: لوئر مین ہٹن میں فائرنگ، ایک شخص جاں بحق، دوسرا زخمی، نیو جرسی کے وینڈی میں کار حادثہ ، برونکس: اپارٹمنٹ بلڈنگ کے لاؤنج میں فائرنگ، ایک شخص سر میں گولی لگنے سے شدید زخمی

نیویارک:نیویارک شہر کی سڑکوں پر دو علیحدہ حادثات میں 4 افراد جان کی بازی ہار گئے، نیو یارک پولیس کے مطابق دونوں حادثات شدید نوعیت کے تھے۔پہلا حادثہ برونکس میں پیش آیا جہاں دو گاڑیوں کے درمیان تصادم ہوا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ حادثہ رات 9:30 بجے کے قریب پارک ایونیو اور کلیرمونٹ پارک وے کے سنگم پر ہوا، جہاں ایک ہونڈا اکورڈ شمال کی جانب جا رہی تھی کہ مشرق کی جانب سے آنے والی ٹویوٹا ہائی لینڈر سے ٹکرا گئی۔حادثے کے نتیجے میں چار افراد کو اسپتال منتقل کیا گیا، جن میں سے دو افراد، جن کی عمریں 24 اور 25 سال تھیں، زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گئے۔ دیگر دو افراد، جن کی عمریں 27 اور 30 سال بتائی جاتی ہیں، اسپتال میں زیر علاج ہیں، حادثے کی شدت کے باعث ایک گاڑی الٹ کر چھت کے بل جا گری۔ پولیس حادثے کے ذمہ دار ڈرائیور کا تعین کرنے میں مصروف ہے۔دوسری جانب  مین ہٹن کے ایسٹ ہارلم علاقے میں ایک اور خوفناک حادثہ پیش آیا جس میں دو مزید افراد جاں بحق ہو گئے۔ یہ حادثہ صبح 4:45 بجے ایسٹ 106 اسٹریٹ اور تھرڈ ایونیو پر ایک موٹر سائیکل اور ٹویوٹا RAV4 ایس یو وی کے درمیان ہوا۔موٹر سائیکل پر سوار ایک 35 سالہ خاتون اور ایک مرد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے، تاہم مرد کی عمر کے بارے میں معلومات دستیاب نہیں ہو سکیں۔ علاوہ ازیں لوئر مین ہٹن میں ہفتے کی شام فائرنگ کے واقعے میں ایک شخص جاں بحق اور دوسرا زخمی ہوگیا۔پولیس کے مطابق یہ واقعہ اتوار کی  شام 7:15 بجے میڈیسن اور کیتھرین اسٹریٹس کے قریب پیش آیا، جو نیو یارک پولیس  ہیڈکوارٹرز سے چند بلاکس کے فاصلے پر واقع ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والا شخص گردن میں گولی لگنے سے موقع پر ہی دم توڑ گیا، جبکہ دوسرا شخص جس کو جسم کے نچلے حصے میں گولی لگی، جو  اسپتال میں زیر علاج ہے۔پولیس کی جانب سے ابھی تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی، اور واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔مزید براں  نیو جرسی کے شہر ہیکنسیک میں وینڈی کے ایک ریسٹورنٹ پر ہونے والے کار حادثے نے ایک حیرت انگیز سلسلے کا انکشاف کیا، جس میں دو کارجیکنگز شامل تھیں۔پولیس کے مطابق، 45 سالہ اوالڈو گونزالیز نےرات2:30 بجے کے قریب، روٹ 46 پر واقع وینڈی کے ریسٹورنٹ میں گاڑی ٹکرا دی۔ یہ گاڑی انہوں نے تھوڑی دیر قبل چرائی تھی۔حادثے کے بعد، گونزالیز نے فرار ہونے کی کوشش کرتے ہوئے ایک اور گاڑی چھین لی۔ پولیس نے جارج واشنگٹن برج پر دوسری گاڑی کو لاوارث پایا، اور پھر گونزالیز کو قریب ہی تلاش کر لیا۔ گرفتاری کے دوران، گونزالیز نے مبینہ طور پر پولیس کی گاڑی چرانے کی بھی کوشش کی۔اوالڈو گونزالیز پر اقدام قتل اور سنگین حملے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ دریں اثناء  برونکس کے علاقے موٹ ہیون میں ایک اپارٹمنٹ بلڈنگ کے لاؤنج میں فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص  سر میں گولی لگنے سے شدید زخمی ہو گیا۔پولیس کے مطابق یہ واقعہ ایسٹ 138 اسٹریٹ پر پیش آیا۔ فائرنگ کے بعدموقع پر موجود لوگوں نے  متاثرہ شخص کو لنکن ہسپتال منتقل کیا، جہاں وہ اس وقت  تشویشناک حالت میں ہے۔فائرنگ کے واقعات کی وجوہات ابھی تک واضح نہیں ہو سکی ہیں۔ پولیس مشتبہ فائرنگ کرنے والے کو تلاش کر رہی ہے، جس نے سیاہ ہڈ والی سوٹ پہن رکھی تھی۔حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی کو اس واقعے کے بارے میں معلومات ہیں تو وہ فوراً پولیس سے رابطہ کریں۔

This post was originally published on VOSA.