عمران خان کے حامیوں کا اطالوی شہر بریشیا میں مظاہرہ

اٹلی(نمائندہ خصوصی)پاکستان تحریک انصاف کی فائنل کال پر کپتان کے حامیوں نے اطالوی شہر  بریشیا میں  احتجاجی مظاہرہ کرکے  بیرون ممالک میں ہونے والے مظاہروں کا ریکارڈ توڑ دیا۔ ہزاروں افراد بریشیا کی سڑکوں پر پاکستانی و پی ٹی آئی پرچموں کے ساتھ نکل آئے۔مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ عمران خان کو رہا  کیا جائے۔پاکستان تحریک انصاف اٹلی کی قیادت کی جانب سے منعقدہ احتجاجی مظاہرے میں اٹلی بھر سے ہزاروں کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ سخت سردی کی باوجود شرکاء میں زبردست جوش وجذبہ دیکھنے کو ملا۔احتجاجی مظاہرہ بریشیا کے مرکزی ریلوے اسٹیشن کے عقب سے شروع ہوکر مرکزی شاہراہوں سے گزرتا ہوا سائیڈینیا پر اختتام پذیر ہوا۔احتجاج کے آرگنائزر میں چوہدری تجمل حسین کھٹانہ، عرفان حیات رانجھا، بشیر بوسال، مرزا خالد، ملک عبدالرحمان،نعمان چوہدری،چوہدری عمران یونس سلیمی ودیگر تھے۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ اٹلی کی اوورسیز کمیونٹی نے آج ثابت کردیا  کہ وہ اپنے لیڈر عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے۔مظاہرین نے الزام عائد کیا کہ پاکستان میں موجودہ حکومت جعلی مینڈیٹ پر قائم ہوئی ہے۔ الیکشن میں پاکستان تحریک انصاف نے بھاری اکثریت حاصل کی اس لیے حکومت بھی پی ٹی آئی کے حوالے کرنی چاہیے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے پاکستان میں فسطائیت کا دور جاری رکھا ہوا ہے جہاں چادر اور چار دیواری کی پامالی اور قانون کو پاوں تلے روندا جارہا ہے۔ریلی کے شرکاء نے احتجاجی مظاہرے میں زبردست نعرے بازی بھی کی۔شرکاء کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان میں حقیقی آزادی،آئین کی بحالی،مینڈیٹ کی واپسی اور بانی تحریک انصاف عمران خان کی رہائی تک یہ جدوجہد جاری رکھیں گے۔

This post was originally published on VOSA.