نیویارک :پاکستانی نژاد شہید افسر عدید فیاض کی دوسری برسی

نیویارک پولیس  ڈیپارٹمنٹ کے  شہید پاکستانی نژاد پولیس افسر عدید فیاض کی دوسری برسی   عقیدت و احترام سے منائی گئی۔ پولیس کے اعلیٰ افسران نےعدید فیاض کو زبردست خراجِ تحسین  پیش کیا۔

نیویارک پولیس میں دو سال قبل اپنے پیشہ ورانہ  فرائض کی ادائیگی  کے دوران شہید ہونے والے پاکستانی نژاد پولیس افسر  عدید فیاض   کی دوسری  برسی بروکلین کی  دیانت مسجد میں منائی گئی ۔تلاوتِ کلامِ پاک سے  آغا زکیا گیا۔بپولیس کے  دستوں  نے امریکی قومی  ترانہ پڑھا،  سلامی دی اور عدید  فیاض کو خراجِ تحسین  پیش کیا۔برسی کی تقریب میں  شہید عدید فیاض کے والد ، بیوہ،  کمسن بچے اور خاندان کے دیگر افرا د بھی شریک ہوئے ۔ان کا کہنا تھا کہ ڈیپارٹمنٹ  نے عدید فیاض  کو جس  طرح  یاد رکھا  اس  سے ہمیں بہت حوصلہ ملا۔عدید اب ہمارے درمیان نہیں لیکن  اس کی یاد ہمیشہ  ہمارے دلوں میں زندہ رہے گی۔ عدید فیاض  کی برسی میں نیویارک اسٹیٹ  اسمبلی  کی رکن  جینیفر راج  کمار اور  کمیونٹی کی  شخصیات بھی شریک تھیں۔ جینیفر راج کمار نے کہا کہ  عدید  فیاض کی قربانی صرف ان کی  فیملی،  پولیس ڈیپارٹمنٹ  کے لیے  نہیں بلکہ ہم سب کے لیے جسے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔برسی میں پولیس  ڈیپارٹمنٹ کے  اعلیٰ افسرا ن، ڈیپارٹمنٹ کے مختلف شعبہ  جات سے وابستہ اہلکا ر بھی کثیر تعداد میں شریک تھے۔ پولیس افسران کا کہنا تھا کہ  عدیدفیاض واقعی فرض شناس آفسر تھے، انھوں  نے اس شہر کے لیے  اپنی جان کی بھی پرواہ نہیں کی۔قبل ازیں این وائے پی ڈی میں مسلمان  چیپلن امام طاہر کا کہنا تھا یہ  تقریب عدید فیاض کے اعزاز میں نہیں بلکہ عدید فیاض  کی قربانی کی یاد میں جمع ہونا ہمارے لیے باعث اعزاز ہے۔شرکاء کا کہنا تھا کہ عدید  فیاض  نہ صرف پولیس ڈیپارٹمنٹ  بلکہ  یہاں بسنے والی پوری مسلمان کمیونٹی کا   بھی فخر ہیں۔

This post was originally published on VOSA.