
نیوجرسی(ویب ڈیسک) امریکی ریاست نیوجرسی کے شہر واشنگٹن ٹاؤن شپ کے ایک رہائشی گھر میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی۔ واقعے میں دو افراد جاں بحق ہوگئے۔
حکام کے مطابق واقعہ صبح تقریباً 2 بجے اوریون وے اور ٹرینکویلٹی کورٹ کے سنگم پر پیش آیا، جہاں پڑوسیوں کا کہنا ہے کہ گھر میں زوردار دھماکہ ہوا جس کے فوراً بعد شعلے بلند ہونے لگے۔ ابتدائی طور پر پولیس نے اسے آتشزدگی کا واقعہ قرار دیا ہے جبکہ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ یہ دھماکہ ہے۔ ایک پڑوسن سوسن پِنٹو نے بتایا کہ وہ فلم دیکھ رہی تھیں جب زور دار دھماکہ ہوا اور انہوں نے فوراً 911 پر کال کی۔ فائر فائٹرز چند منٹ میں موقع پر پہنچ گئے، مگر گھر چند لمحوں میں شعلوں کی نذر ہو چکا تھا۔ آگ کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ قریبی دو گھروں کو بھی نقصان پہنچا۔ حکام کے مطابق متاثرہ گھر سے ایک مرد اور ایک خاتون کی لاشیں ملبے سے برآمد ہوئیں جن کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی۔ علاقے کے ایک رہائشی نے کہا کہ وہ اکثر مقتول مرد کو اپنے کتے کے ساتھ چہل قدمی کرتے دیکھتے تھے اور وہ خوش مزاج انسان تھے۔ واقعے کی اصل وجہ معلوم کرنے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔
This post was originally published on VOSA.