ایڈمز کا غیر قانونی اسموک شاپس کے خلاف کریک ڈاؤن جاری

نیویارک(ویب ڈیسک) نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز نے غیر قانونی اسموک شاپس کے خلاف ایک سال قبل شروع کیے گئے آپریشن "پیڈلاک ٹو پروٹیکٹ” کی کامیابی کا دعویٰ کرتے ہوئے اگلے مرحلے کا اعلان کر دیا ہے۔

میئر ایرک ایڈمز کے مطابق مئی 2024 سے اب تک شہر بھر میں تقریباً 1,400 غیر قانونی دکانیں بند کی گئیں اور 95 ملین ڈالر سے زائد مالیت کی غیر قانونی مصنوعات ضبط کی گئیں۔ میئر ایڈمز نے کہا کہ اب بند دکانوں کو دوبارہ قانونی کاروبار کے طور پر کھولنے کا عمل شروع کیا جا رہا ہے جس میں قانونی کینابِس ڈسپنسری، ریٹیل اسٹورز، پیزیریا اور دیگر چھوٹے کاروبار شامل ہوں گے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ شہر بھر میں خالی اسٹور فرنٹس کو ازسرنو فعال بنا کر نہ صرف معیشت کو سہارا دیا جائے گا بلکہ غیر قانونی سرگرمیوں کی جگہ قانونی اور محفوظ کاروباری ماحول کو فروغ ملے گا۔ شیرف آفس اور دیگر ادارے ان دکانوں کی نگرانی جاری رکھیں گے تاکہ بند کیے گئے غیر قانونی کاروبار دوبارہ نہ کھل سکیں۔ شہر میں اب تک 160 سے زائد قانونی کینابِس ڈسپنسریاں کھل چکی ہیں جبکہ "کینابِس NYC” پروگرام کے تحت 6,000 سے زائد افراد کو تربیت اور 500,000 ڈالر سے زائد کی مالی معاونت فراہم کی جا چکی ہے۔ "کینابِس NYC لون فنڈ” کے ذریعے نئے کاروباری افراد کو 100,000 ڈالر تک کے بلاسود قرضے دیے جا رہے ہیں۔ انتظامیہ کے مطابق، یہ آپریشن نہ صرف غیر قانونی کاروبار کے خلاف کارروائی ہے بلکہ قانونی کینابِس مارکیٹ کے استحکام، چھوٹے کاروباروں کے فروغ اور عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کی جانب ایک اہم قدم بھی ہے۔

This post was originally published on VOSA.