
واشنگٹن ڈی سی میں کیپٹل یہودی میوزیم کے باہر اسرائیلی سفارتخانے کے دو اہلکار فائرنگ کے واقعے میں ہلاک ہوگئے۔
امریکی خبررساں ادارے اے بی سی کے مطابق واشنگٹن، ڈی سی میں کیپیٹل یہودی میوزیم میں ایک تقریب کے دوران اسرائیلی سفارتخانے کے دو اہلکاروں کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق ہلاک شدگان ایک مرد اور ایک خاتون تھے جو اسرائیلی سفارتخانے کے ملازمین تھے۔ پولیس نے فوری طور پر 30 سالہ ملزم ایلیاس روڈریگیز کو موقع سے گرفتار کر لیا جو شکاگو کا رہائشی ہے۔ گرفتار ہونے کے بعد ملزم نے "فری، فری فلسطین” کے نعرے لگائے۔ ملزم نے واقعے کے بعد عمارت میں داخل ہونے کی کوشش کی مگر سیکیورٹی نے اسے روک دیا۔ حملے کا اعتراف کرتے ہوئے ملزم نے اسلحہ پھینکنے کی جگہ بھی بتائی جو بعد میں بازیاب کر لیا گیا۔ واشنگٹن کی میئر مریئل باؤزر نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں نفرت اور دہشت گردی کی کوئی گنجائش نہیں۔ انہوں نے عوام کو یقین دلایا کہ فی الحال کوئی خطرہ موجود نہیں۔ رپورٹ کے مطابق ہوم لینڈ سیکیورٹی کی سیکریٹری کرسٹی نوم نے اس خبر کو ایکس پر شیئر کیا جبکہ امریکی حکام اور ایف بی آئی واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔ یہ واقعہ یہودی کمیونٹی اور حکومتی حلقوں کی جانب سے نفرت انگیز دہشت گردی قرار دیا گیا ہے جبکہ محکمہ ہوم لینڈ سیکیورٹی نے ملزم کو سخت سے سخت سزا دلانے کا اعلان کیا ہے۔