
کیلیفورنیا(ویب ڈیسک) امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر سان ڈیاگو میں نجی طیارہ گر کر تباہ ہوگیا۔ حادثے میں معروف میوزک ایجنسی Sound Talent Group کے شریک بانی سمیت تین افراد جاں بحق ہو گئے۔
امریکی خبررساں ادارے اے بی سی کے مطابق، سیسنا 550 ماڈل کا یہ طیارہ نیو جرسی کے ٹیٹر بورو ایئرپورٹ سے روانہ ہوا اور کنساس کے شہر وِچِٹا میں ایک گھنٹے کے لیے رکا، جس کے بعد سان ڈیاگو کی طرف پرواز کر رہا تھا۔ طیارہ صبح چار بجے سے کچھ پہلے امریکی فوج کے سب سے بڑے رہائشی علاقے میں گر کر تباہ ہو گیا۔ حادثے کے نتیجے میں ایک مکان مکمل طور پر جل گیا جبکہ چھ سے زائد گاڑیاں تباہ ہو گئیں۔ حکام کے مطابق دس مکانات کو نقصان پہنچا لیکن کسی رہائشی کو اسپتال منتقل کرنے کی ضرورت پیش نہیں آئی۔ ریڈیو ٹریفک کے مطابق پائلٹ کی جانب سے کوئی ہنگامی سگنل نہیں دیا گیا تھا۔ آخری رابطے میں اس نے خود کو لینڈنگ سے تین میل دور بتایا تھا۔ فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن(FAA) کے ریکارڈز کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں طیارے کا مالک اور لائسنس یافتہ پائلٹ ڈیو شیپیرو شامل ہے۔ ادارے نے باقی دو ملازمین کے نام ظاہر نہیں کیے۔ حادثے کی تحقیقات فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (FAA) اور نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ (NTSB) کر رہے ہیں۔
This post was originally published on VOSA.