نیویارک: کشتی میں دھماکہ، 1 شخص جاں بحق، 2 زخمی

نیویارک(ویب ڈیسک) نیویارک کے ہڈسن دریا میں سیوریج ٹرانسپورٹ کشتی میں دھماکہ ہوگیا۔ واقعے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ دو زخمی ہوگئے۔

امریکی خبررساں ادارے  اے بی سی کے مطابق، یہ واقعہ صبح تقریباً 10:30 بجے 138ویں اسٹریٹ کے قریب نیویارک سٹی کی ملکیتی موٹر ویسل "ہنٹس پوائنٹ” پر پیش آیا۔ ایف ڈی این وائی حکام کے مطابق کشتی کے ایک ہُل میں زور دار دھماکہ ہوا، جس کے نتیجے میں 59 سالہ ملازم دھماکے کی شدت سے پانی اور پَیئر کے درمیان گر کر جاں بحق ہو گیا۔ متوفی ملازم محکمہ تحفظ ماحولیات میں 33 سال سے خدمات انجام دے رہا تھا۔ دیگر دو ملازمین زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔ ایف ڈی این وائی کے مطابق دھماکے کے بعد کشتی کے ڈیک پر سیوریج موجود تھا جس کے باعث امدادی اہلکاروں کو بھی ڈی کنٹامینیٹ کیا گیا۔ یو ایس کوسٹ گارڈ کے مطابق ابتدائی معلومات میں دھماکہ ویلڈنگ، دھات کاٹنے یا کسی گرم صنعتی عمل کے دوران ہوا۔ میئر ایرک ایڈمز نے واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فی الحال کسی مجرمانہ عنصر کا شبہ نہیں پایا گیا۔ واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں جبکہ اے ٹی ایف اہلکار بھی موقع پر موجود رہے۔

This post was originally published on VOSA.