
الینوائے(ویب ڈیسک) امریکی وفاقی حکام نے ریاست الینوائے کے شہر شکاگو سے تعلق رکھنے والے دو افراد کو گرفتار کر لیا جن پر الزام ہے کہ انہوں نے میڈیکیئر سے 22 کروڑ 70 لاکھ ڈالر کی جعلی ادائیگیاں حاصل کیں۔
امریکی محکمہ انصاف کے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق، الینوائے کے شہر شکاگو سے تعلق رکھنے والے سید مرتضیٰ قبلزادہ اور سید مہدی حسین نے جعلی لیبارٹریوں کے ذریعے اوور دی کاؤنٹر کورونا ٹیسٹ کٹس کے جھوٹے دعوے جمع کروائے تھے۔وفاقی حکام کے مطابق ملزمان نے غیر ملکی افراد کو فرضی مالکان کے طور پر استعمال کیا اور ان کے ذریعے ہزاروں مریضوں کے نام پر جعلی بل جمع کروائے، جن میں ایسے افراد بھی شامل تھے جو کچھ عرصہ قبل وفات پا چکے تھے۔ میڈیکیئر نے ان دعووں کے تحت 13 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کی ادائیگیاں کیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان نے ایک مارکیٹنگ کمپنی کو بھی رقم دی تاکہ مریضوں کا ڈیٹا حاصل کیا جا سکے، جسے فراڈ میں استعمال کیا گیا۔ تحقیقات کے مطابق دونوں ملزمان پر ہیلتھ کیئر فراڈ کے چار الزامات عائد کیے گئے ہیں جن میں ہر الزام پر 10 سال تک قید کی سزا ہو سکتی ہے۔ اس یس کی تحقیقات ایف بی آئی، محکمہ صحت و انسانی خدمات اور محکمہ انصاف تحقیقات کر رہے ہیں جبکہ مقدمہ وفاقی عدالت میں زیر سماعت ہے۔