
نیویارک(ویب ڈیسک) نیویارک سٹی کونسل نے اٹلانٹک ایونیو مکسڈ یوز پلان کی منظوری دے دی ہے، جو کہ میئر ایرک ایڈمز کی قیادت میں سٹی پلاننگ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے پیش کیا گیا ایک بڑا ری زوننگ منصوبہ ہے۔
میئر ایرک ایڈمز کے مطابق اس منصوبے کے تحت کراؤن ہائٹس اور بیڈفورڈ اسٹویوسینٹ کے قریب اٹلانٹک ایونیو کے 21 بلاکس پر تقریباً 4,600 نئے رہائشی یونٹس تعمیر کیے جائیں گے جن میں 1,900 یونٹس ہمیشہ کے لیے کم آمدنی والے افراد کے لیے مختص ہوں گے جبکہ 2,800 مستقل ملازمتیں بھی پیدا ہوں گی۔ ایڈمز انتظامیہ نے اس منصوبے کے لیے تقریباً 235 ملین ڈالر کی عوامی سرمایہ کاری کا وعدہ کیا ہے جس میں پارکوں کی بہتری، پیدل چلنے والوں کی حفاظت، نکاسی آب کے نظام کی بہتری اور کرایہ داروں کے تحفظ کے لیے اقدامات شامل ہیں۔ اس ری زوننگ پلان کے تحت نجی ڈیولپرز پر لازم ہوگا کہ وہ شہر کے “مینڈیٹری انکلوژنری ہاؤسنگ” پروگرام کے تحت کم آمدنی والوں کے لیے مخصوص رہائش فراہم کریں۔ایڈمز نے کہا منصوبے کے تحت 800,000 مربع فٹ پر مشتمل کمرشل اور کمیونٹی اسپیس بھی قائم کی جائے گی جبکہ سٹی اور غیر منافع بخش اداروں کی ملکیت والی زمین پر مزید ترقیاتی کام کیے جائیں گے تاکہ کم آمدنی اور بے گھر افراد کو سہولت دی جا سکے۔ شہر ان علاقوں میں ملازمت کی تربیت کے پروگرام بھی شروع کرے گا اور عوامی مقامات جیسے سینٹ اینڈریو پارک اور لوری ٹرائی اینگل کو وسعت دے گا۔ حکام نے اس منصوبے کو کمیونٹی کے لیے ایک بڑی کامیابی قرار دیا ہے جو شہر کے بڑے “سٹی آف یَس” اقدام کے تحت پیش رفت کی ایک مثال ہے۔ میئر نے کہا اگر اس پروگرام کے تحت دیگر محلے بھی ری زوننگ کے عمل سے گزرے تو آئندہ 15 برسوں میں شہر میں 50,000 سے زائد نئے رہائشی یونٹس کی تعمیر متوقع ہے۔
This post was originally published on VOSA.