امریکا: دو شہریوں کا ٹیکس ریٹرنز سے متعلق دھوکہ دہی کا اعتراف جرم

فلوریڈا(ویب ڈیسک) امریکی ریاست فلوریڈا کے دو شہریوں نے غلط ٹیکس ریٹرنز تیار کرنے کے الزام میں عدالت میں اعتراف جرم کر لیا ہے۔

امریکی محکمہ انصاف کے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق، فرینکلن کارٹر جونیئر اور جوناتھن کاریلو نے ریاستہائے متحدہ کو دھوکہ دینے اور جھوٹے ٹیکس ریٹرنز کی تیاری میں معاونت کے الزامات کا اعتراف کر لیا ہے۔ دونوں پر الزامات ہیں کہ انہوں نے 2016 سے 2020 تک فلوریڈا میں چلنے والے اپنے کاروبار "Neighborhood Advance Tax” کے ذریعے کلائنٹس کے ریفنڈز میں جعلی کٹوتیاں شامل کیں اور ملازمین کو بھی ایسا کرنے کی تربیت دی۔ 2021 میں انہوں نے نیا کاروبار "Taxmates” شروع کیا جہاں بھی یہی غیر قانونی سرگرمیاں جاری رہیں۔ اس دوران کارٹر نے 2019 سے 2021 تک اپنے ذاتی ٹیکس ریٹرنز جمع نہیں کروائے۔ ان دونوں کی کارروائیوں سے حکومت کو 12 ملین ڈالر کا نقصان ہوا ہے۔ فرینکلن اور جوناتھن کے ساتھیوں نے بھی سازش اور جھوٹے ریٹرنز کی تیاری کے جرم قبول کیے ہیں۔ اب دونوں ملزمان کو عدالت کی طرف سے سزا دی جائے گی، جس میں قید، جرمانے اور نگرانی شامل ہو سکتی ہے۔ مقدمے کی سماعت جون میں شروع ہونے والی تھی لیکن ملزمان نے قبل از وقت جرم قبول کر لیا۔ یہ کیس انٹرنل ریونیو سروس (IRS) کی کرمنل انویسٹی گیشن اور محکمہ انصاف کی ٹیکس ڈویژن کی زیر نگرانی چل رہا ہے۔

This post was originally published on VOSA.