
نیویارک(ویب ڈیسک) نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز اور پولیس کمشنر جیسیکا ایس ٹِش نے انکشاف کیا ہے کہ سال 2025 کے آغاز سے اب تک نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ (NYPD) نے 2,200 سے زائد غیر قانونی ہتھیار ضبط کیے ہیں۔
میئر ایرک ایڈمز کے مطابق، ان اقدامات کے نتیجے میں شہر میں شوٹنگز میں 53.9 فیصد اور اموات میں 41.4 فیصد کی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ یہ پیش رفت "نیشنل گن وائلنس آگاہی مہینے” کے موقع پر سامنے آئی ہے، جس کا مقصد اسلحہ سے متاثرہ افراد کو خراجِ عقیدت پیش کرنا اور اسلحہ کے تشدد کے خاتمے کے لیے شعور بیدار کرنا ہے۔ حکام کے مطابق صرف مئی 2025 میں شوٹنگز میں 38.6 فیصد کمی آئی، جبکہ سال کے پہلے پانچ ماہ کے دوران ہلاکتیں 27.3 فیصد کم ہوئیں اور شوٹنگز کی تعداد 264 رہی جو ریکارڈ کم سطح ہے۔ کمشنر جیسیکا ٹِش نے بتایا کہ جرائم پر قابو پانے کے لیے ڈیٹا بیس پر مبنی پالیسی اپنائی گئی ہے جس کے تحت حساس علاقوں میں پولیس کی موجودگی کو بڑھایا گیا۔ مئی 2025 میں شہر میں مجموعی بڑے جرائم میں 4.9 فیصد کمی دیکھنے میں آئی جن میں قتل، چوری، ڈکیتی اور حملے شامل ہیں۔ میئر ایڈمز نے بتایا کہ انتظامیہ کی جانب سے اب تک برآمد کیے گئے 22 ہزار سے زائد ہتھیاروں میں تقریباً 1,500 "گھوسٹ گنز” شامل تھیں۔گھوسٹ گنز پر کوئی سیریل نمبر نہیں ہوتا اور جنہیں اکثر جرائم پیشہ افراد یا کم عمر افراد استعمال کرتے ہیں۔ گھوسٹ گنز کی روک تھام کے لیے ایڈمز نے وفاقی عدالت میں مؤقف بھی اختیار کیا ہے۔ میئر ایڈمز کے مطابق ان کی حکومت کا مقصد صرف اسلحہ ہٹانا نہیں بلکہ جرائم کی جڑوں تک پہنچنا ہے جس کے لیے نوجوانوں کے لیے مواقع، روک تھام کے اقدامات اور مقامی کمیونٹی میں سرمایہ کاری پر مشتمل "بلو پرنٹ فار کمیونٹی سیفٹی” منصوبہ جاری ہے۔
This post was originally published on VOSA.