
ڈیلاویئر(ویب ڈیسک) امریکی ریاست ڈیلاویئر کی کمپنی فابکون پری کاسٹ ایل ایل سی کو اوہائیو کی وفاقی عدالت نے ایک ورکر کی موت پر پانچ لاکھ ڈالر جرمانے اور دو سالہ تنظیمی پروبیشن کی سزا سنائی ہے۔
امریکی محکمہ انصاف کے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق، کمپنی نے اوکیوپیشنل سیفٹی اینڈ ہیلتھ ایڈمنسٹریشن (OSHA) کے ضابطے کی خلاف ورزی کا اعتراف کرتے ہوئے قصوروار ہونے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ یہ واقعہ اوہائیو میں پیش آیا جہاں کمپنی پری کاسٹ کنکریٹ پینلز تیار کرتی ہے۔ عدالتی دستاویزات کے مطابق، جون 2020 میں بیچ آپریٹر زیکری لیڈبیٹر اُس وقت شدید زخمی ہوا جب کنکریٹ مکسر مشین کا نیومیٹک دروازہ، جس کا حفاظتی والو پہلے سے ٹوٹا ہوا تھا، اچانک بند ہو گیا اور اس کے سر پر آ لگا۔ زیکری کو مشین سے نکالنے کے بعد اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ پانچ روز بعد دم توڑ گیا۔ وفاقی قانون کے تحت او ایس ایچ اے کے قواعد کی دانستہ خلاف ورزی کے نتیجے میں کسی ملازم کی اموات ہونے پر کلاس بی مسڈیمینر کے تحت مقدمہ چلایا جاتا ہے۔ فابکون کو زیادہ سے زیادہ قانونی جرمانہ، تنظیمی نگرانی، اور حفاظتی ضوابط پر عمل درآمد کے لیے ایک پلان پر عمل کرنے کا حکم دیا گیا۔ محکمہ انصاف کے قائم مقام اسسٹنٹ اٹارنی جنرل اور محکمہ محنت کے انسپکٹر جنرل نے کمپنی کی غفلت کو ورکر کی موت کا براہِ راست سبب قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ فیصلہ مزدوروں کی حفاظت کے لیے ضابطوں کی اہمیت کو واضح کرتا ہے۔ مقدمے کی تفتیش محکمہ محنت نے کی اور کارروائی ماحولیاتی جرائم کے ماہر وکلاء نے مکمل کی ہے۔
This post was originally published on VOSA.